خزانے اور کارپوریٹ امور کی وزیر محترمہ نرملا سیتارمن نے آج ممبئی میں چھوٹے، بہت چھوٹے اور اوسط درجے کی صنعتوں MSMEs کیلئے باہمی کریڈٹ گارنٹی اسکیم کا آغاز کیا۔ اس اسکیم کے تحت MSMEs کو بغیر کسی ضمانت کے 100 کروڑ روپے تک کا قرضہ مشینری یا آلات کی خریداری کیلئے دیا جائے گا۔
وزیر موصوفہ نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ بھارت میں اب ایسا ماحول تیار ہوگیا ہے، جہاں سرمایہ کاری کے اچھے نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی سازگار پالیسیوں کی بدولت دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں زبردست ترقی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کی دفاعی برآمدات 24 ہزار کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے اور مہاراشٹر دفاعی مینوفیکچرنگ کے ایک مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
بھارت نے اپریل 2024 سے جنوری 2025 کے دوران مجموعی برآمدات میں گذشتہ اقتصادی سال کی اِسی مدت کے مقابلے سات اعشاریہ دو ایک فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔ دوسری جانب رواں اقتصادی سال کے اپریل سے جنوری کے عرصے میں مجموعی درآمدات میں بھی آٹھ اعشاریہ نو چھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
کامرس اور صنعتوں کی وزارت کی جانب سے آج جاری کئے گئے اعداد وشمار کے مطابق متعلقہ عرصے کے دوران مجموعی برآمدات کے 683 ارب امریکی ڈالر کے آس پاس رہنے کا اندازہ ہے، جبکہ درآمدات کے لگ بھگ 770 ارب امریکی ڈالر رہنے کا امکان ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق رواں اقتصادی سال کے اپریل سے جنوری کے دوران اشیا کی برآمدات کا حجم تقریباً 359 ارب امریکی ڈالر رہا جبکہ اسی عرصے کے دوران اشیا کی درآمدات تقریباً 602 ارب امریکی ڈالر رہی۔ اسی مدت میں اشیا کی تجارت کا خسارہ 243 ارب امریکی ڈالر کے آس پاس رہا۔
Site Admin | February 17, 2025 10:00 PM
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے MSMEs سیکٹر کو مستحکم کرنے کیلئے میوچل کریڈٹ گارنٹی اسکیم کا آغاز کیا
