وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم SCO سربراہ کانفرنس میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج سہ پہر نئی دلّی میں صحافیوں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے اِس بات کی تصدیق کی۔
ذاکر نائک کے پاکستان دورے کے بارے میں جناب جیسوال نے کہا کہ بھارت کو اِس بات پر کوئی حیرت نہیں ہے کہ بھارتی عدالتِ انصاف کے ایک مفرور شخص کا پاکستان میں اعلیٰ سطح پر استقبال کیا گیا۔ انہوں نے اسے مایوس کن اور قابل مذمت قرار دیا۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت، علاقائی تعاون اور علاقائی کنیکٹی ویٹی کو بیحد اہمیت دیتا ہے۔ نئی دلّی میں آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیرجیسوال نے کہا کہ اسی لئے بھارت نے BIMSTEC کو تقویت دی ہے۔ سارک پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب جیسوال نے کہا کہ بھارت علاقائی تعاون کو مضبوط کرنا چاہتا ہے لیکن ہرکوئی جانتا ہے کہ سارک کے درمیان تعاون کیوں آگے نہیں بڑھ رہا ہے۔ ترجمان نے پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک مخصوص ملک کا کام کرنے کا اپنا طریقہ ہے جس سے سارک پر جمود طاری ہو رہا ہے۔
Site Admin | October 4, 2024 9:41 PM