وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے آج کہا کہ بھارت نے ایک فریم ورک تیار کیا ہے، جس سے آنے والے وقت میں آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں یہ تبدیلی ”آٹو پائلٹ“ بنیاد پر نہیں بلکہ دونوں فریقوں کی کوششوں، قیادت اور عزائم سے آئی ہے۔
دو ملکوں کے اپنے دورے کے پہلے مرحلے کے تحت آسٹریلیا کے شہر برسبین میں یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ میں آج شام بھارتی برادری سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ بھارت اعلیٰ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور وہ دنیا کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا خواہاں ہے۔ دنیا کے چنندہ ملکوں کے ساتھ بھارت کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور آسٹریلیا بھی ان چنندہ ملکوں میں سے ایک ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، آسٹریلیا کی حکومت، عالمی حرکیات اور بھارتی برادری کی کوششیں، بھارت-آسٹریلیا تعلقات کی پیش رفت کے کلیدی عوامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں عالمی سطح پر باہمی تعاون کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
وزیر خارجہ آج سے آسٹریلیا کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔ وہ کل آسٹریلیا کے برسبین میں چوتھے بھارتی قونصل خانے کا افتتاح کریں گے۔ وہ کینبرا میں آسٹریلیا کے اپنے ہم منصب Penny Wong کے ساتھ 15ویں وزراء خارجہ فریم ورک مذاکرات-FMFD کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔ ڈاکٹر جے شنکر آسٹریلیا کے ؎ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے دوسرے رائسینا ڈاؤن انڈر کے افتتاحی اجلاس میں کلیدی خطبہ بھی دیں گے۔اپنے دورے کے دوسرے مرحلے کے تحت ڈاکٹر جے شنکر 8 نومبر کو سنگاپور جائیں گے، جہاں وہ آسیان-بھارت نیٹ ورک آف تھنک ٹینکس کی آٹھویں گول میز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی شراکت داری کا جائزہ لینے اور دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ کے لیے نئے امکانات تلاش کرنے کی غرض سے سنگاپور کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
Site Admin | November 3, 2024 9:24 PM
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت اعلیٰ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور دنیا کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا خواہاں ہے
