August 9, 2024 2:51 PM

printer

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے لوک سبھا کو بتایا کہ روسی فوج میں، جو 91 بھارتی باشندے بھرتی کئے گئے تھے، اُن میں سے 14 کو سبکدوش کردیا گیا ہے

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے آج کہا ہے کہ ابھی تک 91 بھارتی باشندوں کے کیسز ہیں، جنہیں روس کی فوج میں بھرتی کیا گیا ہے۔ لوک سبھا میں سوالوں کے وقفے کے دوران ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہاکہ بدقسمتی سے اِن میں سے آٹھ افراد فوت ہوچکے ہیں اور 14 افراد کو سبکدوش کیا جاچکا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ 69 بھارتی شہری، روس کی فوج سے چھوڑے جانے کے منتظر ہیں۔ وزیر موصوف نے کہاکہ بھارت اِس معاملے پر سنجیدہ ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اُنہوں نے اِس معاملے پر روس کے وزیر خارجہ کے ساتھ کئی بار بات کی ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی پچھلے مہینے ماسکو میں تھے، جناب مودی کو روس کے صدر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کوئی بھی بھارتی شہری، جو روس کی فوج میں خدمات انجام دے رہا ہے، اُسے سبکدوش کرکے چھوڑ دیا جائے گا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ مشکل یہ ہے کہ روسی حکام کا کہنا یہ ہے کہ یہ بھارتی شہری، روسی فوج میں خدمات انجام دینے کیلئے معاہدہ کرکے شامل ہوئے تھے۔ البتہ اُنہوں نے اشارہ دیا کہ بہت سے معاملات میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ بھارتی باشندوں کو گمراہ کیا گیا۔اِس معاملے پر اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں وزیرموصوف نے بتایا کہ CBI نے 19 افراد اور کمپنیوں کے خلاف، ایک فوجداری مقدمے کا اندراج کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ کرنے والے 10 لوگوں کے خلاف وافر شواہد ملے۔ تفتیش کے دوران دو ملزمین کو اپریل میں اور مزید دو کو مئی میں گرفتار کیا گیا۔ سبھی چاروں ملزمین عدالتی حراست میں ہیں۔سائبر گھوٹالوں پر جنوب مشرقی ایشیا میں کام کرنے کیلئے لوگوں کو گمراہ کئے جانے کے بارے میں ڈاکٹر جے شنکر نے کہاکہ بھارتی حکومت نے اِس معاملے پر سیاسی سطح پر سبھی متعلقہ حکومتوں سے بات چیت کی ہے۔ ابھی تک 650 بھارتی باشندوں کو کمبوڈیا سے، 450 کو میانما سے اور 548 کو Laos سے وطن واپس بھیجا جاچکا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے، جس کے بارے میں حکومت کافی چوکنا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں