وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے آج شام نئی دلّی میں کویت کے اپنے ہم منصب عبداللہ علی الیحییٰ سے بات چیت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ بھارت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پُر عزم ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی بات چیت نے فریقین کو علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر ایک دوسرے کے نظریات جاننے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور کویت کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ 2047 تک بھارت کا وِکست بھارت کا نظریہ اور 2035 تک نئے کویت کا، کویت کا نظریہ، دونوں ملکوں کے عوام کی امنگوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اِس بات کا ذکر کیا کہ کویت میں آباد بھارتی برادری دونوں ملکوں کے درمیان ایک پُل کا کام کرتی ہے۔
اِس سے قبل آج دوپہر دورے پر آئے ہوئے کویت کے وزیر خارجہ نے، وزیر اعظم نریندر مودی سے اُن کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ x