June 30, 2024 3:06 PM

printer

وزیر اعظم نے آئین اور جمہوری نظام میں پھر سے اعتماد کا اظہار کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات میں ملک کے جمہوری نظام اور آئین میں اپنے اعتماد کا پختہ اظہار کرنے پر عوام کے تئیں تشکر کا اظہار کیا ہے۔ آج آکاشوانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ 2024 کے عام انتخابات دنیا کا سب سے بڑا چناؤ تھا جس میں 65 کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا۔ جناب مودی نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔

جناب مودی نے انتخابی کمیشن اور ووٹنگ کے عمل سے وابستہ ہر اہلکار کو مبارکباد پیش کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 30 جون کا دن اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج Hool Diwas منایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ویر سدھو اور Kanhu کی دلیری کے ساتھ وابستہ ہے جنہوں نے برطانوی حکمرانوں کی زیادتیوں کی پُرزور مخالفت کی تھی۔

جناب مودی نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقعے پر شروع کی گئی خصوصی مہم ”ایک پیڑ ماں کے نام“ کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی والدہ کے ہمراہ یا اپنی والدہ کے نام پر ایک درخت ضرور لگائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران ملک میں جنگلاتی علاقے میں کافی توسیع ہوئی ہے۔ امرت مہوتسو کے دوران ملک میں 60 ہزار سے زیادہ امرت سروور بنائے گئے ہیں۔

مانسون سیزن کی بات کرتے ہوئے جناب مودی نے کیرالہ میں بنائے جانے والے Karthumbhi چھاتوں کا تذکرہ کیا۔ یہ خاص طرح کے چھاتے کیرالہ کے Attappady علاقے میں بنائے جاتے ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ رنگ برنگے چھاتے بنانے کیلئے کیرالہ کی قبائلی خواتین کی ستائش کی اور اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں اِن چھاتوں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔

جناب مودی نے جموں کشمیر کی Snow Peas کی مثال بھی پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں Snow Peas کی پہلی کھیپ پلوامہ سے لندن بھیجی گئی ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ کویت سرکار نے اپنے قومی ریڈیو پر ہندی میں ایک خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جو ہر اتوار کو آدھے گھنٹے نشر ہوتا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ وہاں بھارتی فلموں اور آرٹ سے متعلق مذاکرے بھارتی برادری میں بہت مقبول ہیں۔ وزیر اعظم نے اِس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں بھارتی کلچر کی شان میں اضافہ ہورہا ہے۔ جناب مودی نے ترکمانستان کی مثال پیش کی جہاں گزشتہ مہینے ملک کے قومی شاعر کا 300 واں یوم پیدائش منایا گیا۔ اِس موقع پر ترکمانستان کے صدر نے دنیا کے 24 نامور شاعروں کے مجسموں کی نقاب کشائی کی اور اِن میں سے ایک مجسمہ گرو دیو رابندر ناتھ ٹیگور    کا ہے۔

یوگ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یوگ کا دسواں بین الاقوامی دن پوری دنیا میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

جناب مودی نے کہا کہ ہر سال یوگ دِوس منائے جانے کے ساتھ نئے ریکارڈز بھی بنائے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پیرس اولمپک کھیل اگلے مہینے شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے بتایا کہ وہ آنے والے دنوں میں بھارتی کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور ملک کے عوام کی طرف سے اُن کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ جناب مودی نے سبھی لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہیش ٹیگ  Cheer فار بھارت کے ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

وزیر اعظم نے آکاشوانی فیملی کو بھی مبارکباد پیش کی کیونکہ آج آکاشوانی کے سنسکرت بلیٹن کے نشریے کو 50 سال مکمل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قدیم بھارتی علوم اور سائنس کی پیشرفت میں سنسکرت کا اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سنسکرت زبان کا احترام کیا جانا چاہئے اور اِسے روز مرہ کی زندگی کے ساتھ منسلک کیا جانا چاہئے۔ جناب مودی نے بینگلورو کے Cubbon Park میں کی جانے والی اِس طرح کی ایک کوشش کی مثال پیش کی جہاں ہر اتوار کو بچے، نوجوان اور بزرگ افراد سنسکرت میں ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں۔

جناب مودی نے کہا کہ ایک ہفتے بعد پوری میں رتھ یاترا شروع ہونے والی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہموطنوں پر بھگوان جگناتھ کا آشیرواد ہمیشہ رہے گا۔

وزیر اعظم نے ”من کی بات“ کے ذریعے پھر عوام سے گفتگو کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔جناب مودی نے کہا کہ اگرچہ من کی بات کے ریڈیو پروگرام میں کچھ مہینے کا وقفہ آگیا تھا، پھر بھی ملک اور معاشرے میں من کی بات کا جذبہ بدستور جاری ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ من کی بات پروگرام میں بھارت کی شاندار ثقافت، تاریخ اور ترقی یافتہ بھارت بنانے کی کوششوں پر بات ہوتی رہے گی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں