وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت، CARICOM رکن ملکوں کے ساتھ کھڑا ہے، چاہے کووڈ ہو یا قدرتی آفات، صلاحیت سازی ہو یا ترقی کے مسائل، بھارت ایک قابل اعتماد پارٹنر کی طرح اُن کے ساتھ آگے بڑھا ہے۔ کَل رات Guyana کے جارج ٹاؤن میں منعقدہ دوسری بھارت- CARICOM سمِٹ میں اپنے افتتاحی کلمات میں جناب مودی نے کہا کہ یہ سربراہ کانفرنس پانچ سال بعد منعقد ہو رہی ہے۔ اِن پانچ سالوں میں دنیا نے کئی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا ہے اور بنی نوع انساں کو کچھ بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اِن تبدیلیوں اور مشکلات نے عالمی خطہ جنوب کے ملکوں کو شدید طور پر متاثر کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ CARICOM رکن ملکوں کے ساتھ اِن چیلنجوں کا سامنا کرنے کی کوشش کی ہے۔
بھارت – CARICOM ساجھیداری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے جناب مودی نے سات ستونوں C.A.R.I.C.O.M. کی تجویز پیش کی، جس کا مطلب ہے، صلاحیت سازی، زراعت اور خوراک کی یقینی فراہمی، قابل تجدید توانائی اور آب و ہوا کی تبدیلی، جدت طرازی، ٹیکنالوجی اور تجارت، کرکٹ اور ثقافت، بحری معیشت اور بحری سلامتی، ادویات اور حفظانِ صحت۔
جناب مودی نے کیریبیائی خطے میں آئے سمندری طوفان Beryl کے دوران ہونے والے نقصانات پر بھارت کے عوام کی جانب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے CARICOM کے موجودہ صدر Greneda کے وزیراعظم Dickon Mitchell کے ساتھ دوسری بھارت – CARICOM سمِٹ کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔
جناب مودی نے سربراہ کانفرنس کی میزبانی کے لیے Guyana کے صدر ڈاکٹر عرفان علی کا شکریہ ادا کیا۔ اِس سربراہ کانفرنس میں رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت اور وزراءِ خارجہ نے شرکت کی۔