وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کو نائیجیریا، برازیل اور گیانا کے 6 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ آج شام نئی دلّی میں میڈیا کو معلومات فراہم کرتے ہوئے خارجہ سیکریٹری وِکرم مِسری نے کہا کہ جناب مودی 19 ویں G20 سربراہ میٹنگ میں شرکت کے لیے 18 اور 19 نومبر کو برازیل کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کا برازیل کا تیسرا سرکاری دورہ ہوگا۔ جناب مِسری نے کہا کہ وزیر اعظم نے 2014 میں اور پھر برِکس سربراہ میٹنگ کے لیے 2019 میں برازیل کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ G20 سربراہ میٹنگ ایک اہم سربراہ میٹنگ ہوگی، کیونکہ افریقی یونین پہلی بار G20 ممبر کے طور پر میٹنگ میں شریک ہوگی۔
میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نئی دلّی کے G20 لیڈروں کے اعلانیہ اور عالمِ جنوب کی آواز کی سربراہ میٹنگوں کے نتائج پر مبنی عالمی اہمیت کے مختلف معاملات پر بھارت کے موقف کو سامنے رکھیں گے۔ بھارت نے پچھلے 2 سالوں میں اِن دونوں سربراہ میٹنگوں کی میزبانی کی تھی۔
G20 سربراہ میٹنگ کے موقع پر امید ہے کہ وزیر اعظم کئی رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم بھارت اور نائیجیریا کے درمیان کلیدی شراکت داری کے جائزہ لیں گے اور باہمی تعلقات کو مزید توسیع دینے کے نئے شعبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مشرقی امور کے سیکریٹری جے دیپ مزومدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم، گیانا کے صدر محمد عرفان علی کی دعوت پر 19 سے 21 نومبر کو گیانا کا دورہ کریں گے۔
جناب مزومدار نے کہا کہ وزیر اعظم CARICOMبھارت دوسری سربراہ میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے اور CARICOM ممبر ملکوں کے رہنمائوں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے۔