وزیر اعظم نریندر مودی کَل جے پور میں، راجستھان کو ترقی دینے والی، عالمی سرمایہ کاری سے متعلق سربراہ کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ وہ اِس تین روزہ کانفرنس میں افتتاحی خطبہ دیں گے۔ کانفرنس کی میزبانی جے پور نمائش اور کنونشن مرکز میں کی جائے گی۔راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما اور مرکزی و ریاستی کابینہ کے بہت سے ارکان، تقریب میں موجود رہیں گے۔ سرمایہ کاری کی اِس عظیم الشان کانفرنس میں کاروبار اور تجارت کے پانچ ہزار سے زیادہ نمائندگان، سفارتکار وسرمایہ کار، مندوبین اور دیگر شخصیتیں شرکت کریں گی۔سربراہ کانفرنس سے پہلے سرمایہ کاری کی تجاویز کیلئے 30 لاکھ کروڑ روپئے کی مالیت کے مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اِس سربراہ کانفرنس میں 32 ملکوں کے نمائندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 17 کا تعلق شراکت دار ملکوں سے ہے۔
پنک سٹی جے پور میں اِس اہم سرمایہ کاری سربراہ کانفرنس کیلئے سبھی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ دنیا بھر کے مہمان یہاں پہنچ رہے ہیں، جن کیلئے وسیع حفاظتی اور معمول کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ تاریخی اور یادگاری جگہوں اور اہم عمارتوں کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ افتتاح کے بعد مختلف شعبوں کے تحت موضوعاتی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ یہ دو دن، پرواسی راجستھانی کانفرنس کیلئے وقف ہوں گے۔ MSME کانفرنس، دوسرے اور آخری دن منعقد ہوگی۔
ریاستی سرکار نے اِس تقریب کو زبردست کامیاب بنانے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔
وزیر اعظم دوپہر کو ہریانہ کے شہر پانی پت میں ”بیمہ سکھی یوجنا“ کا آغاز کریں گے۔ یہ اسکیم 18 سے 70 سال کی عمر والی اُن خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تیار کی گئی ہے جنھوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا ہو۔
پانی پت میں کَل ”بیمہ سکھی یوجنا“ کا ملک گیر سطح پر آغاز کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے سے پہلے، سبھی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ یہاں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور ڈرون یا پرواز کرنے والے دیگر آلات کی اڑان پر بندش عائد کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ سینی نے آج تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ اِس سے پہلے وزیراعظم نے، پانی پت کی تاریخی سرزمین سے ”بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ“ اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اِس اسکیم سے خواتین کو، اختیارات اور روزگار کے نئے موقعے حاصل ہوں گے۔ پروگرام کے دوران وزیر اعظم، کرنال میں باغبانی کی، مہارانا پرتاپ یونیورسٹی کے اصل کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
Site Admin | December 8, 2024 9:36 PM