June 18, 2024 10:13 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے میں زراعت کو اہم رول ادا کرنا ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ بھارت کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے میں، زراعت ایک بڑا کردار ادا کرے گی۔ اُنہوں کہا کہ مرکزی حکومت، کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے تئیں عہد بند ہے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے وارانسی میں پی ایم کسان سمّان سمّیلن میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
جناب مودی نے اس تقریب کے دوران، تقریباََ 9 کروڑ 26 لاکھ کسانوں کو پردھان منتری کسان سمّان نِدھی کی 20 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ رقم کی 17 ویں قسط جاری کی۔ وزیر اعظم نے اپنی مدد آپ گروپوں۔ SHGs کی 30 ہزار سے زیادہ خواتین کو ”کِرشی سَکھی“ کے طور پر سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔
اُنہوں نے ملک کے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کی غرض سے ان کی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت کو زرعی مصنوعات کی برآمدات میں ایک سر کردہ ملک بنانے کے مقصد سے، ان کی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی بدولت، مقامی زرعی مصنوعات کیلئے نئے مارکیٹنگ پلیٹ فارمس حاصل ہو رہے ہیں۔
ملک میں حال ہی میں ہوئے عام انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ31 کروڑ سے زیادہ خواتین نے جمہوریت کے اس تہوار میں حصہ لیا، جو دنیا میں سب سے زیادہ تعداد ہے اور یہ امریکہ کی آبادی کے برابر ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت کا ہدف، پیداوار بڑھانا اور پیداوار میں آنے والی لاگت میں کمی کرکے کسانوں کی مدد کرنا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کم از کم امدادی قیمت۔ MSP دے کر ان کی پیداوار کیلئے بہتر قیمت فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں، وارانسی، ترقی کی نئی بلندیاں طے کررہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کسان سمیلن میں کچھ کسانوں کے ساتھ ملاقات بھی کی۔X

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں