وزیر اعظم نریندر مودی روس کے شہر کازان میں 16ویں برکس سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے کَل روس کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ جناب مودی روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی دعوت پر روس جارہے ہیں۔ دو روزہ سربراہ کانفرنس کا موضوع ہے، ”انصاف پر مبنی عالمگیر ترقی اور سلامتی کیلئے کثیر سطحیت کو مستحکم کرنا“۔
برکس ابھرتی ہوئی مارکیٹ Economies کا ایک گروپ ہے، جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ ہیں اور اِن ملکوں کے انگریزی کے پہلے حروف سے لفظ BRICS بنتا ہے۔ اب اِس میں مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات کو شامل کرکے اِسے وسعت دی جاچکی ہے۔
کازان میں آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے، روس میں بھارت کے سفیر وِنے کمار نے کہا کہ اِس سربراہ کانفرنس سے عالمی لیڈروں کو اہم عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ملے گا۔
وزیر اعظم کے دورے کے بارے میں نئی دلّی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے خارجہ سکریٹری وِکرم مِسری نے کہا کہ اِس برس کی سربراہ کانفرنس میں برکس کے نئے ممبر ملکوں کو برکس تعاون نظام سے مربوط کرنے پر توجہ کی جائے گی۔
خارجہ سکریٹری نے بتایا کہ بھارت، برکس کے بانی ممبر ملکوں میں ہے اور اُس نے اِس گروپ کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔
جناب مِسری نے کہا کہ سربراہ کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم کئی باہمی میٹنگیں بھی کریں گے۔ بھارتی برادری کے افراد بالخصوص طلباء نے وزیر اعظم کے روس کے شہر کازان کے دورے پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ اِس دورے کی خبریں بھیجنے والے آکاشوانی کے نمائندے نے اِن طلباء میں سے کچھ سے بات چیت کی۔
Site Admin | October 21, 2024 9:49 PM