وزیر اعظم نریندر مودی نے دلّی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے حق میں دیئے گئے عوام کے فیصلے کیلئے دلّی کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ پارٹی کو دی گئی اِس شاندار اور تاریخی فتحیابی کیلئے دلّی والوں کے تئیں ممنونیت کا اظہار کرتے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ یہ BJP کی گارنٹی ہے کہ پارٹی دلّی کی ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ عوام کیلئے مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر بنائے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ دلّی وکست بھارت کی تعمیر میں ایک بنیادی کردار ادا کرے۔ وزیر اعظم مودی نے دلّی اسمبلی انتخابات کی جیت میں پارٹی کارکنوں کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ اب دلّی کو عالمی درجے کا شہری بنیادی ڈھانچہ ملے گا۔ نئی دلّی میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر BJP کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ NDA کے مطلب ہے اچھی حکمرانی اور ترقی۔ انھوں نے وضاحت کی کہ اکیسویں صدی میں پیدا ہونے والے نوجوان اب پہلی مرتبہ دلّی میں BJP کی اچھی حکمرانی دیکھیں گے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دلّی اسمبلی انتخابات کے آج کے نتائج اُس اعتماد کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو ملک کو BJP کی ڈبل انجن والی سرکار میں حاصل ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ دلّی کے عوام نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ دلّی کے اصلی مالک دلّی کے عوام ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ دلّی صرف ایک شہر نہیں ہے بلکہ یہ ایک چھوٹا بھارت ہے جہاں ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے نظریے پر عمل ہوتا ہے۔ جناب مودی نے اِس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ سماج کے ہر طبقے نے بڑی تعداد میں BJP کو ووٹ دیا ہے۔ انھوں نے حلف لیا کہ ناری شکتی کیلئے کئے گئے ہر وعدے کو پورا کیا جائے گا اور مزید یہ کہ خواتین ووٹر BJP کی ڈھال بن گئی ہیں۔عام آدمی پارٹی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ بدعنوانی مخالف پارٹی خود بدعنوان ہوگئی۔ جناب مودی نے دلّی والوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ قومی راجدھانی میں پارٹی پر اپنے بھروسے کو نئی بلندیوں تک لے گئے ہیں۔
جلسے میں موجود افراد سے خطاب کرتے ہوئے BJP کے صدر جے پی نڈّا نے کہا کہ دلّی اسمبلی انتخابات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی دلّی والوں کے دِل میں رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جناب مودی نے ملک کی سیاست کا رُخ بدل دیا ہے۔ جناب نڈّا نے دعویٰ کیا کہ لوگوں نے عام آدمی پارٹی جیسی ایک بدعنوان پارٹی کو مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے قومی راجدھانی کے عوام کا اتنی بڑی جیت کیلئے شکریہ ادا کیا اور پارٹی کارکنوں کی بھی ستائش کی۔
Site Admin | February 8, 2025 9:48 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے BJP کیلئے اِس شاندار اور تاریخی جیت کیلئے دلّی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے
