August 15, 2024 9:50 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر شہیدوں اور مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے میں ملک کی قیادت کی

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر شہیدوں اور مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے میں ملک کی قیادت کی۔ آج صبح نئی دلّی میں لال قلعہ کی فصیل پر قومی پرچم لہرانے کے بعد ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک کی ترقی کے مختلف پہلوؤں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کئی طرح کے مقاصد کا خاکہ پیش کیا۔
جناب مودی نے کہا کہ سرکار ملک کو مضبوط بنانے اور عوام کی زندگی میں تبدیلی لانے کی خاطر اصلاحات کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2047 تک وکست بھارت کے خواب کی تکمیل کیلئے حکمرانی کے عمل میں اصلاحات ضروری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خواہ یہ بینکاری نظام ہو، سیاحت ہو، MSME شعبہ ہو، تعلیم، حفظان صحت، ٹرانسپورٹ یا زراعت ہو، ہر شعبے میں ایک نیا اور جدید طرز کا نظام قائم کیا جارہا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ خلا کے شعبے میں اسٹارٹ اَپ اداروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور بھارت کو ایک طاقتور ملک بنانے میں ان کا اہم رول رہے گا۔ دفاع کے بارے میں جناب مودی نے کہا کہ ملک دفاع کے شعبے میں خودکفیل بن رہا ہے۔
وزیر اعظم نے ملک کے نوجوانوں کو تربیت دینے اور بھارت کو دنیا کا ہنرمندی کا مرکز بنانے کیلئے سرکار کی جانب سے کئے گئے مختلف اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔
جناب مودی نے بھارت کو مینوفیکچرنگ کا ایک عالمی مرکز بنانے کا نظریہ پیش کیا اور تیز رفتار ترقی کی توقعات کو پورا کرنے کی خاطر مستقبل کیلئے ہنرمندی کے وسائل تیار کئے جانے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے خواتین کے خلاف تشدد اور جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ قصوروار عناصر کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لے کر سزا دی جانی چاہئے۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ملک میں موجودہ سول کوڈ کی جگہ ایک سیکولر سول کوڈ ہونا چاہئے۔ انھوں نے موجودہ سول کوڈ کو تفریق پر مبنی قرار دیا۔
لال قلعہ پر اپنے خطاب کے بعد وزیراعظم نے وہاں موجود بچوں اور لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گفتگو کی۔ اس سے پہلے جناب مودی نے راج گھاٹ جاکر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں