August 15, 2024 3:19 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے 78 واں یومِ آزادی منانے میں ملک کی قیادت کی

ملک آج 78 واں یومِ آزادی منا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے تاریخی لال قلعہ کی فصیل پر قومی پرچم لہرایا اور مجاہدینِ آزادی اور شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے میں ملک کی قیادت کی۔ لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ملک ہر شہید اور مجاہدِ آزادی کا مرہونِ منت ہے، جنہوں نے ملک کے ہر شہری کو آزادی کے ساتھ سانس لینے کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے اِس طرف بھی توجہ دلائی کہ نوجوان، کسان، خواتین اور قبائلی افراد سمیت معاشرے کا ہر طبقہ غلامی کے خلاف جدوجہد کرتا رہا۔ وزیر اعظم نے مال کی تیاری، سیمی کنڈکٹر بنانے اور Game ڈیزائننگ سمیت مختلف شعبوں میں بھارت کو عالمی لیڈر بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم نے سیمی کنڈکٹر کی تیاری میں عالمی لیڈر بننے کے بھارت کے عہد کا ذکر کیا، جس کا مقصد درآمد پر انحصار کم کرنا اور تکنیکی اعتبار سے خود کفالت بڑھانا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ملک کے 140 کروڑ عوام متحد ہوکر ایک ساتھ کام کریں تو ملک سبھی رکاوٹوں پر قابو پاتے ہوئے 2047 تک وِکست بھارت بن جائے گا۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک پہلے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے، سرکار نے بہت سی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے اِس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ کروڑوں افراد نے 2047 تک وکست بھارت کیلئے بے شمار تجاویز پیش کی ہیں۔ حالیہ دنوں میں قدرتی آفات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ اُن کی ہمدردیاں متاثرہ عوام کے ساتھ ہیں۔

جناب مودی نے، اُن لوگوں کو یقین دلایا کہ مصائب کی گھڑی میں پورا ملک، اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکار نے اصلاحات پر کاربند رہنے کا تہیہ کررکھا ہے اور یہ اصلاحات کسی تعریف یا مجبوری کی وجہ سے نہیں کی جارہی ہیں، بلکہ اِن کا مقصد ملک کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے اِس طرف بھی توجہ دلائی کہ ہر شعبے میں چاہے وہ سیاحت ہو، MSME کا شعبہ ہو، تعلیم ہو، صحت ہو، ٹرانسپورٹ ہو، زراعت ہو یا کوئی دوسرا شعبہ ہو، ایک جدید نظام کام کررہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کو ایک طاقتور ملک بنانے میں خلاء کا شعبہ ایک لازمی عنصر ہے۔ انہوں نے اِس شعبے میں بہت سی اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ ایک زمانے میں بھارت دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور آج وہ بہت بہادر اور مضبوط ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے دفاع کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک اِس میدان میں خود کفیل بن چکا ہے اور اُس کے دفاعی ساز و سامان کی تیاری سے اپنی ایک پہچان بن گئی ہے۔ ملک میں خواتین کی پیشرفت اور ترقی کا ذکر کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ پچھلے دس سال کے دوران، 10 کروڑ خواتین اپنی مدد آپ کرو گروپوں میں شامل ہوکر مالی اعتبار سے آزاد ہوگئی ہیں۔ وزیر اعظم نے خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم اور تشدد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتی کے مرتکب افراد کو جلد سے جلد سزا دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عصمت دری کے واقعات کو نمایاں کیا جاتا ہے لیکن جب قصور واروں کو سزا دی جاتی ہے تو ذرائع ابلاغ اُس سزا کو نمایاں نہیں کرتا۔

انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ مجرم پیشہ افراد کی سزاؤں کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جانی چاہیئے تاکہ لوگوں میں اِس طرح کے گھناؤنے جرائم کے بارے میں ڈر اور خوف پیدا ہو۔

بنگلہ دیش کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ پڑوسی ملک ہونے کے ناطے بھارت کو وہاں کی صورتحال پر تشویش ہے اور امید ظاہر کی کہ جلد حالات بحال ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام پڑوسی ملک میں ہندوؤں اور اقلیتوں کے تحفظ کے بارے میں فکر مند ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مختلف فرقوں کے سوِل کوڈ کے بجائے سیکولر سوِل کوڈ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں پر زور دیا کہ ایک ملک ایک چناؤ کیلئے انہیں آگے آنا چاہیئے تاکہ ترقی یافتہ بھارت کا خواب پورا ہوسکے۔

وزیر اعظم نے یہ اعلان بھی کیا کہ اگلے پانچ سال کے دوران 75 ہزار مزید طبی سیٹیں قائم کی جائیں گی۔ مرکزی سرکار کی طرف سے گذشتہ 10 برسوں کے دوران کئے گئے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ اِن اقدامات اور کوششوں کے نتیجے میں نوجوانوں میں خود اعتمادی بڑھ گئی ہے اور اب وہ بڑا قدم اٹھانے کے خواہشمند ہیں۔ وزیر اعظم نے پیرس اولمپک کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے کچھ دنوں میں بھارت کا ایک بڑا دستہ Paralympics کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے پیرس روانہ ہوگا۔ جناب مودی نے اِن کھلاڑیوں کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرے گا اور اِس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں