وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ اُن کی حکومت نے، غریبوں کی فلاح کیلئے بہت سے اقدام کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 25 کروڑ لوگ، غریبی کی سطح سے اوپر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ، حکومت کے عزم، خود کو وقف کر دینے اور محنت کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، مالی طور پر احتیاط سے کام لینے کے ساتھ ساتھ ترقی کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم آج لوک سبھا میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے، صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریے کی تحریک کے بارے میں بحث کا جواب دے رہے تھے۔صدر جمہوریہ کے خطاب کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ خطاب، تحریک دینے والا تھا اور اِس سے، وکست بھارت کی جانب حکومت کی کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔
وزیر اعظم نے، غریبوں کیلئے چار کروڑ مکانات اور 12 کروڑ بیت الخلاء کی تعمیر، جل جیون مشن کے تحت پینے کے پانی کے کنکشنز کی فراہمی جیسے، حکومت کے اقدام کو اجاگر کیا، جس سے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیلنے میں، خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، حکم رانی میں شفافیت لائی ہے، جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ متوسط طبقے کو، ٹیکس ترغیبات فراہم کرنے کے بھی بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے پچھلے 10 سال میں مزید بچت ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اِس حکومت نے نوجوانوں کیلئے کئی اقدام کیے ہیں اور بہت سی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی حکومت، بھارت میں مصنوعی ذہانت AI کے فروغ جیسے اقدامات کو ترجیح دیتی رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ NDA حکومت نے، قبائلیوں کیلئے ایک الگ وزارت تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک، بہت تیزی سے شہر کاری کی طرف بڑھ رہا ہے اور اسمارٹ شہر ضروری ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ حکومت، آئین کی روح کو سمجھتی ہے اور وہ اِس کے تئیں خود کو وقف کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ، پچھلی سات دہائیوں سے آئینی حقوق سے محروم تھے، البتہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ختم کرنے کے، اُن کی حکومت کے فیصلے سے، جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کو انصاف فراہم ہوا ہے۔
راجیہ سبھا میں بھی، صدر جمہوریہ کے خطاب پر، شکریے کی تحریک سے متعلق بحث مباحثہ جاری ہے۔BJP، کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، بیجو جنتا دل، DMK، ترنمول کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل سے وابستہ ارکانِ پارلیمنٹ نے بحث میں حصہ لیا۔ انہوں نے بحث کے دوران مختلف معاملات پر بات کی۔ مباحثہ جاری ہے۔
Site Admin | February 4, 2025 9:30 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب سے، وکست بھارت کے عزم کو تقویت، نئی امیدیں اور عوام کو تحریک حاصل ہوئی ہے
