وزیر اعظم نریندر مودی نے آج زور دے کر کہا ہے کہ مشرقی بھارت میں ریل کنیکٹیوٹی کی توسیع سے پورے خطے کی معیشت مستحکم ہوگی۔ جناب مودی، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 660 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور اِنہیں قوم کے نام وقف کرنے کے بعد جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ جناب مودی نے 6 وندے بھارت ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ بھی کیا۔ اِس سے پہلے وزیر اعظم جمشید پور میں ٹاٹانگر سے اِن ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے والے تھے لیکن ان کا ہیلی کاپٹر، خراب موسم کے سبب اڑان نہ بھر سکا لہذا انہیں رانچی سے اِن پروجیکٹوں کا آغاز کرنا پڑا۔
وزیر اعظم مودی نے ورچوئل طریقے سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ مشرقی بھارت میں ریل کنیکٹیوٹی کی توسیع سے کاروبار، پیشہ ور افراد اور طلباء کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہوگا۔ 6 نئے وندے بھارت ریل گاڑیوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے خطے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور ٹاٹانگر کی صنعتی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیر اعظم نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (PMAY-G) کی پہلی قسط بھی جاری کی، جس سے مستفید ہونے والے ہزاروں لوگوں کیلئے پکّے مکانات یقینی ہوں گے۔
مستفید ہونے والے افراد کے بینک کھاتوں میں 32 کروڑ روپے ڈیجیٹل وسیلے سے منتقل کیے گئے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (PMAY-G) سے مستفید ہونے والے افراد کو 32 ہزار مکانات کے منظوری نامے بھی تقسیم کیے۔ مستفید ہونے والے 40 ہزار افراد کیلئے گِرہ پرویش کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
بعد میں جمشید پور کے گوپال میدان میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم اور BJP کے سینئر رہنما نریندر مودی نے کہا کہ بنگلہ دیشی اور روہنجا دراندازوں سے ریاست کو زبردست خطرہ ہے کیونکہ اُن کی آمد سے سنتھال پرگنہ اور Kolhan خطوں کی آبادی کا منظر نامہ تبدیل ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اِن علاقوں میں قبائلی افراد کی تعداد کم ہو رہی ہے اور اِن خطوں میں، آبادی کا تناسب تیزی سے بدل رہا ہے۔ جناب مودی نے JMM، RJD اور کانگریس کو جھارکھنڈ کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور کہا کہ یہ پارٹیاں اقتدار کی بھوکی ہیں اور ووٹ بینک اور خوش آمد کی سیاست کر رہی ہیں۔
Site Admin | September 15, 2024 9:37 PM