ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

January 4, 2025 9:30 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے پی ایم جَن مَن یوجنا کا آغاز، دہائیوں سے نظر انداز کیے گئے قبائلی علاقوں کیلئے مساوی حقوق کو یقینی بنا رہا ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج گاؤوں کو ترقی اور امکانات کے درخشاں مراکز میں تبدیل کرکے دیہی بھارت کو بااختیار بنانے کے حکومت کے نظریے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ 2014 کے بعد سے حکومت گاؤوں کے لوگوں کو ایک پُروقار زندگی فراہم کرنے کو ترجیح دیتے ہوئے مسلسل دیہی بھارت کیلئے کام کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہر گاؤں میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ وزیراعظم نے نئی دلّی کے بھارت منڈپم میں 6 روزہ گرامین بھارت مہوتسو کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ جناب مودی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے PM جن مَن یوجنا کے آغاز سے اُن خطوں کیلئے مساوی حقوق کو یقینی بنایا جارہا ہے جو دہائیوں سے ترقی سے محروم تھے۔
انھوں نے اِس بات کا ذکر کیا کہ گذشتہ دس برس سے ان کی حکومت نے سابقہ حکومتوں کی کئی خامیوں کو ٹھیک کیا ہے۔ انھوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت دیہی ترقی کے ذریعے ملک کی ترقی کے منتر کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ اِن کوششوں کے سبب 25 کروڑ افراد کو غریبی سے نجات ملی ہے جن میں اکثریت دیہی علاقوں کی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کی فلاح وبہبود اور اُنھیں مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے کئی اسکیمیں نافذ کی گئی ہیں۔
انھوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ اِس مہوتسو میں قبائلی افراد اور شمال مشرق کی مصنوعات کو بھارت منڈپم میں بنائے گئے اسٹالس میں نمائش کیلئے رکھا جائے گا، جس کیلئے دستکاروں کو بغیر ضمانت کے قرض فراہم کئے گئے ہیں۔
اس مہوتسو میں بہترین کارکردگی اور نمائشوں کے ذریعے بھارت کے مالامال ثقافتی ورثے کی عکاسی کی جائے گی۔ اِس مہوتسو میں اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے دیہی خواتین کو بااختیار بنانے پر خاص طور سے توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کل دلّی میں 12 ہزار 200 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ وزیر اعظم صاحب آباد اور نیو اشوک نگر کے درمیان دلّی- غازی آباد- میرٹھ نمو بھارت کوریڈور کی 13 کلو میٹر طویل لائن کا افتتاح کریں گے، جسے تقریباً 4 ہزار 600 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم، نمو بھارت ٹرین میں صاحب آباد RRTS اسٹیشن سے نیو اشوک نگر RRTS اسٹیشن تک سفر بھی کریں گے۔ جناب مودی دلّی میٹرو مرحلہ-چار کے تحت جنک پوری اور کرشنا پارک کے درمیان دو اعشاریہ 8 کلو میٹر طویل لائن کا بھی افتتاح کریں گے، جسے تقریباً ایک ہزار 200 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔
اِس نئے روٹ سے مغربی دلّی کے کرشنا پارک، وکاس پوری، جنک پوری اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ اِس کے علاوہ وزیر اعظم مودی، دلّی میٹر مرحلہ-4 کے تحت 26 اعشاریہ پانچ کلو میٹر طویل رِٹھالہ- کونڈلی سیکشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جس پر تقریباً 6 ہزار 230 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ یہ کوریڈور دلّی میں واقع رِٹھالہ کو ہریانہ میں واقع Nathpur (کونڈلی) سے جوڑے گا۔
جناب مودی نئی دلّی کے روہنی میں سینٹرل آیوریود ریسرچ انسٹی ٹیوٹ CARI کی ایک نئی جدید ترین عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یہ کیمپس، حفظانِ صحت اور علاج و معالجہ کیلئے جدید ترین بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا۔ مذکورہ پروجیکٹوں کے افتتاح سے علاقائی رابطہ مستحکم ہوگا اور دلّی کے لوگوں کیلئے آسان سفر کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں