وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بھارت کے پانچ سیمی کنڈکٹرس پلانٹس، جلد ہی دنیا کے مختلف حصوں میں لگائے جائیں گے اور Made in India چپس، دنیا کیلئے قابل رسائی ہوں گے۔ نئی دلّی میں Kautilya اقتصادی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت، موبائل فونز کے درآمد کنندہ ملک سے موبائل تیار کرنے والا ملک بن گیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت، دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک اور پانچویں سب سے بڑی معیشت ہے۔
انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہنگامی صورتحال کے درمیان بھارت کے بارے میں بحث کی جا رہی ہے۔
اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا، بھارت پر کس قدر اعتماد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، مالیاتی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی شرح کے لحاظ سے دنیا کا سرکردہ ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بروقت لین دین کا نصف حصہ بھارت میں ہوتا ہے۔ بھارت، دو پہیے گاڑیاں اور ٹریکٹر بنانے والا سب سے بڑا، جبکہ موبائل فون تیار کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ جناب مودی نے اجاگر کیا کہ اصلاحات، کار کردگی اور تبدیلی، حکومت کیلئے رہنما منتر ہیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ 140 کروڑ بھارتی، حکومت کی طاقت ہیں۔
انہوں نے ملک کی بہتری کیلئے مزید ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی رہنما اور مالیاتی ماہرین، بھارت کی ترقی کے تئیں پُر امید ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ بھارت میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ یہ اُن اصلاحات کا نتیجہ ہے، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت میں ہوئی ہیں۔
Site Admin | October 4, 2024 9:50 PM