وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ بوڈو امن معاہدے سے نہ صرف بوڈو فرقے کو فائدہ پہنچا بلکہ اس سے اس طرح کے دیگر امن معاہدوں کیلئے مواقع پیدا ہوئے۔ نئی دلی میں آج شام بوڈو لینڈ مہوتسو سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ امن معاہدوں کی وجہ سے دس ہزار سے زیادہ نوجوانوں نے صرف آسام میں ہی اسلحے اور تشدد کا راستہ ترک کیا ہے اور وہ قومی دھارے میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے بوڈو لینڈ کی ترقی کیلئے ایک ہزار 500 کروڑ روپے کا خصوصی پیکیج دیا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ آسام حکومت نے بھی ایک خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔ بوڈو لینڈ میں تعلیم، صحت اور ثقافت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے 700 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم خرچ کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بوڈو لینڈ کی ترقی کے اثرات دیکھ کر انہیں اطمینان ہوتا ہے جہاں تقریبا 50 برسوں سے تشدد اور خونریزی جاری تھی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ جو نکسل واد کے راستے پر چل رہے ہیں وہ بوڈو عوام سے سبق لیں۔
Site Admin | November 15, 2024 9:45 PM