وزیر اعظم نریندر مودی نے کل نئی دلّی کے علاقے روہنی میں آیوروید تحقیق کے مرکزی ادارے کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ جدید ترین طرز کی عمارت تقریباً 185 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی جائے گی۔2 اعشاریہ نو دو ایکڑ زمین پر تعمیر کی جانے والی اِس عمارت میں روایتی اور اختراعی دونوں طرح کی خصوصیات موجود ہوں گی، جس سے بھرپور علاج کے نئے موقعے فراہم ہوں گے۔ اِس عمارت میں، خصوصی کلینِکس ہوں گے اور ہُنرمندی کو فروغ دیا جائے گا۔
جناب مودی نے اپنے خطاب میں حفظانِ صحت کی سہولیات غریب سے غریب لوگوں تک پہنچانے پر حکومت کی توجہ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، آیوش اور آیوروید جیسے روایتی بھارتی طریقہئ علاج کو بھی فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی دہائی میں آیوش نظام، 100 سے زیادہ ملکوں میں پھیلا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں صحت اور تندرستی کی عالمی راجدھانی بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دن دور نہیں، جب دنیا ’میک اِن انڈیا‘ کی طرح ’ہِیل اِن انڈیا‘ کو بھی ایک منتر کے طور پر اختیار کر لے گی۔