وزیراعظم نریندر مودی نے آج نئی دِلی میں حیدرآباد ہاؤس میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو سے بات چیت کی ہے۔ میٹنگ کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
اِس سے قبل آج صبح مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کو راشٹرپتی بھون میں باضابطہ استقبالیہ دیا گیا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے مالدیپ کے صدر اور اُن کی اہلیہ ساجدہ محمد کا استقبال کیا۔ بعد میں ڈاکٹر معزو کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ ڈاکٹر معزو بعد میں راج گھاٹ گئے اور مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر معزو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی دعوت پر بھارت کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ مالدیپ کیلئے سب سے پہلے ہمسایہ کا رول ادا کیا ہے۔ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کے ساتھ وفد سطح کی بات چیت کے بعد وزیراعظم مودی نے ایک مشترکہ بیان میں اِس بات کو اُجاگر کیا کہ بھارت نے ہمیشہ ایک پڑوسی کی حیثیت سے اپنی ذمے داری نبھائی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ چاہے یہ مالدیپ کے لوگوں کیلئے ضروری اشیاء کی ضرورت کو پورا کرنا ہو، قدرتی آفات کے دوران پینے کے پانی کی دستیابی ہو، یا کووڈ کے وقت ملک کو ویکسین فراہم کرنا ہو۔ اُنہوں نے کہاکہ بھارت اور مالدیپ کے درمیان تعلقات صدیوں پرانے ہیں اور بھارت مالدیپ کا قریبی ہمسایہ اور دوست ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ مالدیپ ہماری پڑوس مقدم پالیسی اور SAGAR وژن میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔
وزیراعظم مودی نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کے ساتھ مالدیپ میں Hanimaadhoo بین الاقوامی ہوائی اڈّے کے رَن وے کا ورچوئل وسیلے سے افتتاح بھی کیا۔ مالدیپ میں RuPay کارڈ کو بھی متعارف کرایا گیا ہے اور جناب مودی اور ڈاکٹر معزو نے اِس کے تحت پہلے لین دین کو دیکھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف مفاہمت ناموں پر بھی دستخط کئے گئے ہیں، جن میں بدعنوانی سے نمٹنے، عدلیہ اور نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے شامل ہیں۔