وزیر اعظم نریندر مودی اڈیشہ کے تین روزہ دورے پر آج شام بھوبنیشور پہنچے۔ وزیر اعظم کَل سے بھوبنیشور میں پولیس ڈائریکٹر جنرلوں اور انسپکٹر جنرلوں کی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ کانفرنس کا افتتاح وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کیا۔ بھوبنیشور میں اپنی آمد کے بعد وزیر اعظم نے بیجوپٹنایک بین الاقوامی ہوائی اڈّے کے نزدیک ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج مرکز کی BJP سرکار اڈیشہ کے وقار کو بہت زیادہ ترجیح دے رہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ جیسے ہی اڈیشہ میں BJP کی حکومت قائم ہوئی، ماؤں اور بہنوں کیلئے سبھدر یوجنا جیسے کئی بڑے اقدامات کئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اسکیم خواتین کے بااختیار ہونے کی شناخت بن جائے گی۔ وزیر اعظم نے اپوزیشن پارٹیوں پر الزام لگایا کہ انھوں نے ترقی کی رفتار کو روک دیا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ اڈیشہ میں پارٹی کی زبردست جیت کے بعد ہریانہ اور مہاراشٹر کے ریاستی انتخابات میں BJP کی فتح یابی اُن کی حکومت کی پالیسیوں اور اسکیموں میں عوام کے یقین کو ظاہر کرتی ہے۔
مرکزی وزیر Jual Oram، دھرمیندر پردھان، اشونی ویشنو اور پارٹی کے کئی دیگر سینئر لیڈر اِس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم کَل ہوائی اڈّے سے راج بھون تک ایک روڈ شو کریں گے۔
وزیر اعظم، پولیس کے DGs اور IGs کی میٹنگ میں شرکت کیلئے بھوبنیشور پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بھوبنیشور میں BJP ہیڈ کوارٹر پر پارٹی کی میٹنگ میں بھی حصہ لیں گے۔
تین روزہ کانفرنس، ملک کے سینئر پولیس افسران اور سیکیورٹی سے متعلق منتظمین آپسی تال میل کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے منعقد کی جا رہی ہے تاکہ قومی سلامتی سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہئ خیال اور بحث کی جاسکے۔تین روزہ کانفرنس میں انسداد دہشت گردی، بائیں بازو کی انتہا پسندی، ساحلی سلامتی، نئے فوجداری قوانین اور منشیات اور دیگر معاملات سمیت قومی سلامتی کے اہم پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ میٹنگ کے دوران امتیازی خدمات کیلئے صدر جمہوریہ کا پولیس میڈل بھی پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کل کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوبھال اور وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری پی کے مشرا، کانفرنس میں حصہ لینے والے اہم مندوبین میں شامل ہیں۔
Site Admin | November 29, 2024 9:46 PM