وزیر اعظم نریندر مودی نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد مجموعی ترقی ہوتا ہے۔ انہوں نے نئی دلی میں پریکشا پے چرچا کے 8 ویں پروگرام کے دوران طلباء کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ آج جاری کئے گئے ایک ویڈیو میں وزیر اعظم نے طلباء سے اِس بارے میں بات کی کہ امتحانات کے دوران تناؤ اور دباؤ پر کس طرح عبور حاصل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے طلباء کو یہ صلاح دی کہ وہ دیواروں کے اندر قید ہوکر نہ رہ جائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نشو نما کی خاطر طلباء کو اپنے احساسات کی کھوج کیلئے آزاد رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ طلباء Robots نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر طلباء کتابوں میں ہی پھنس کر رہ جائیں گے تو وہ پھل پھول نہیں سکیں گے۔
وزیر اعظم نے طلباء کو یہ صلاح بھی دی کہ وہ لکھنے کا شوق پیدا کریں۔ وزیر اعظم نے تغذیہ بخش خوراک اور تندرستی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور طلباء کو یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو صحتمند رکھنے کیلئے موٹا اناج اور سبزیاں کھائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری نیند کا انحصار تغذیہ بخش خوراک پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی سائنس بھی نیند کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔ جناب مودی نے طلباء کی اِس بات کیلئے حوصلہ افزائی کی کہ وہ صبح کے وقت سورج کے سامنے کچھ وقت گزاریں۔
وزیر اعظم نے دباؤ کو دور کرنے کے لئے طلباء کو کچھ اہم باتیں بھی بتائیں اور کہا کہ گریڈ کم آنے سے گھر میں کبھی کبھی ماحول کشیدہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اِس دباؤ کی فکر کئے بغیر تیاری کریں۔
وزیر اعظم نے ایک طالب علم کے سوال کے جواب میں زور دے کر کہا کہ طلباء کو امتحانات کے دنوں میں دباؤ کے قطعِ نظر مثبت سوچ کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ پریکشا پے چرچا پروگرام آکاشوانی، دور درشن، Swayam Prabha، پی ایم او یوٹیوب چینل اور تعلیم نیز اطلاعات و نشریات کی وزارتوں کے سوشل میڈیا چینلوں پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ اِس میں وزیر اعظم کے ساتھ سیدھے گفتگو کیلئے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تقریباً 36 ہزار طلباء کا انتخاب کیاگیا تھا۔ اِس میں پانچ کروڑ سے زیادہ شرکاء نے حصہ لیا۔ اِس طرح اِس پروگرام نے ایک جَن آندولن کی شکل اختیار کرلی ہے۔ x