August 23, 2024 9:52 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دیا ہے کہ یوکرین اور روس کو جاری تنازعہ کو حل کرنے کیلئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دیا ہے کہ یوکرین اور روس کو، دونوں ملکوں کے درمیان جاری تصادم کو حل کرنے کیلئے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ بھارت امن قائم کرنے کیلئے مطلوبہ ہر کوشش میں فعال رول ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ اپنی میٹنگ میں جناب مودی نے کہا کہ بھارت نے فعال طور پر امن کی کاوشوں کی منصوبہ بندی کی ہے اور یہ کہ ہماری رسائی عوام مرکوز رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ روس کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ انھوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ کسی بھی مسئلے کا حل میدانِ جنگ میں نہیں ملتا بلکہ صرف بات چیت، مذاکرات اور سفارتی کاوشوں کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔
وزیر اعظم نے جنگ کے ابتدائی مرحلے کے دوران بھارتی باشندوں اور طالب علموں کو باہر نکالنے میں مدد دینے کیلئے یوکرین کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ بھارت انسانی بنیادوں پر کسی بھی طرح کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔
آج یوکرین کے کیف میں وزیر اعظم نریندر مودی اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان وفد کی سطح کی ایک میٹنگ ہوئی۔ دونوں لیڈروں نے باہمی تعلقات کے مکمل منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا نیز باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے دوران، دونوں لیڈروں کی موجودگی میں چار مفاہمت ناموں پر بھی دستخط کئے گئے اور ان کا تبادلہ کیا گیا۔
مفاہمت ناموں پر یوکرین کے کمیونٹی ترقیاتی پروجیکٹوں، منشیات کے کنٹرول کے معیارات، ثقافتی تبادلوں اور زراعت کے مختلف شعبوں میں دستخط کئے گئے۔ یوکرین کی جانب سے یوکرین کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کیلئے بھارت کا شکریہ ادا کیا گیا۔ دونوں لیڈروں نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی۔ دونوں فریق نے عصری عالمی حقائق کی عکاسی کرنے کیلئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جامع اصلاحات کیلئے زور دیا۔ یوکرین نے ایک اصلاح شدہ اور توسیع شدہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی بھارت کی مستقل رکنیت کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ یوکرین کے وزیر اعظم کے دورے سے متعلق میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جلد امن قائم کرنے کے ہرممکن عمل میں تعاون کرنے کی بھارت کی خواہش کا اعادہ کیا۔
اِس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی، پولینڈ سے ایک خصوصی ٹرین سے کیف پہنچے۔ کیف میں اُن کی آمد پر بھارتی کمیونٹی نے وزیر اعظم کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ جناب مودی نے، کیف میں یوکرین کی تاریخ کے قومی میوزیم میں بچوں سے متعلق ملٹی میڈیا میٹرولوجسٹ ایکسپوزیشن کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی تھے۔ دونوں لیڈروں نے بچوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کیف میں مہاتما گاندھی کے مجسّمے پر بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ 1992 میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے بعد یہ کسی بھارتی وزیر اعظم کا یوکرین کا پہلا دورہ ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں