ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

January 5, 2025 9:45 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے دلّی کے علاقائی رابطوں میں اضافے کیلئے 12 ہزار کروڑ روپئے کی لاگت والے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دلّی میں 12 ہزار 200 کروڑ روپئے سے زیادہ لاگت والے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اِن پروجیکٹوں کا اصل مقصد علاقائی کنیکٹی ویٹی میں اضافہ کرنا اور سفر کی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ انھوں نے صاحب آباد اور نیو اشوک نگر کے درمیان، دلّی-غازی آباد-میرٹھ نمو بھارت راہداری کے، 13 کلو میٹر کے راستے کا بھی افتتاح کیا، جس پر تقریباً چار ہزار 600 کروڑ روپئے لاگت آئی ہے۔
جناب مودی نے جنک پوری اور کرشنا پارک کے درمیان دلّی میٹرو کے چوتھے مرحلے کا بھی افتتاح کیا جو دو اعشاریہ آٹھ کلو میٹر کا راستہ ہے۔ اِس پر تقریباً بارہ سو کروڑ روپئے کی لاگت آئی ہے۔
انھوں نے، دلّی میٹرو کے چوتھے مرحلے کے، ساڑھے 26 کلو میٹر طویل، رِٹھالہ-کُنڈلی سیکشن کا سنگ بنیاد رکھا جس کی لاگت تقریباً چھ ہزار 230 کروڑ روپئے ہے۔ وزیر اعظم نے دلّی میں آیوروید تحقیق کے مرکزی ادارے CARI کی نئی جدید ترین عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ یہ عمارت تقریباً 185 کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار کی جائے گی۔ کیمپس میں حفظانِ صحت اور دواؤں سے متعلق جدید ترین بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔
اِس موقع پر جناب مودی نے کہا کہ دلّی قومی راجدھانی خطے کو، حکومت کی طرف سے ایک اہم تحفہ ملا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی شہری آمد و رفت میں مزید توسیع ہوئی ہے۔ انھوں نے صاحب آباد سے نیو اشوک نگر تک نمو بھارت ٹرین میں اپنے پہلے کے سفر کو یاد کیا۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ جب نمو بھارت پروجیکٹ مکمل ہوجائے گا تو دلّی-میرٹھ راستے پر ٹریفک میں ایک اہم تبدیلی آجائے گی۔ انھوں نے خاص طور پر کہا کہ بھارت کا میٹرو نیٹ ورک اب ایک ہزار کلو میٹر طویل ہوگیا ہے۔ انھوں نے اِس حصولیابی کی ستائش کی۔
جناب مودی نے کہا کہ 2014 میں جب ملک نے اُن کی حکومت کو موقع دیا تھا تو بھارت، میٹرو کنیکٹی ویٹی کے سلسلے میں عالمی سطح کے چوٹی کے دس ملکوں میں بھی نہیں تھا لیکن پچھلے دس سال میں بھارت اِس سلسلے میں تیسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ اُن کی حکومت کی حالیہ مدت میں بھارت میں، دنیا کا دوسرا سب سے بڑا میٹرو نیٹ ورک فراہم ہوجائے گا۔
جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ رِٹھالہ-نریلا-کُنڈلی راہداری، دلّی میٹرو نیٹ ورک کے سب سے بڑے سیکشنز میں سے ایک ہوگی، جس سے دلّی اور ہریانہ میں بنیادی صنعتی مراکز کے درمیان کنیکٹی ویٹی کو استحکام حاصل ہوگا اور لوگوں کی آمد ورفت میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی بنیادی توجہ، بنیادی ڈھانچے پر مرکوز رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دس سال پہلے بنیادی ڈھانچے کیلئے بجٹ تقریباً دو لاکھ کروڑ روپئے تھا جو اب بڑھ کر 11 لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ ہوگیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی توجہ اب شہروں میں جدید ترین کنیکٹی ویٹی پر ہے، جس سے ایک شہر کا رابطہ دوسرے شہر سے ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دلّی سے مختلف شہروں تک ایکسپریس وے تعمیر کئے جارہے ہیں اور دلّی کو صنعتی راہداریوں سے جوڑا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ NCR میں لاجسٹکس کا ایک بڑا کثیرجہتی مرکز تیار کیا جارہا ہے اور دلّی NCR میں مالبرداری کی دو راہداریاں بنائی جارہی ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں دنیا کی، صحت اور تندرستی کی راجدھانی بننے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب میک اِن انڈیا کے ساتھ ساتھ دنیا “Heal In India” کو بھی اپنائے گی۔
اِس تقریب میں ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر منوہر لال، دلّی کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ، دلّی کی وزیراعلیٰ آتشی اور دیگر اہم شخصیتیں بھی موجود تھیں۔
بعد میں وزیر اعظم مودی نے روہنی کے جاپانی پارک میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ انھوں نے عام آدمی پارٹی کی حکمرانی والی دلّی سرکار پر الزام لگایا کہ اُس نے مرکز کے ساتھ لڑائی کرتے ہوئے ایک دہائی کو ضائع کیا ہے۔ انھوں نے دلّی کے عوام سے کہا کہ وہ BJP کو ایک موقع دیں کہ وہ قومی راجدھانی کو، مستقبل کے ایک شہر میں بدل دے۔وزیر اعظم نے دلّی کو، ایک وکست بھارت کی قومی راجدھانی کے طور پر تیار کرنے پر زور دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریلوے کے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ خطے میں ریل رابطے کو مزید مستحکم کرنے کے ایک اہم اقدام کے تحت وزیر اعظم نئے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کریں گے۔ جناب مودی، تلنگانہ میں نئے Charlapalli ٹرمنل اسٹیشن کا بھی افتتاح کریں گے اور ایسٹ کوسٹ ریلوے کی رائے گڑھ ریلوے ڈویژن کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 742 اعشاریہ ایک کلو میٹر طویل جموں ریلوے ڈویژن کی تشکیل سے جموں و کشمیر اور آس پاس کے علاقوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ اِس سے لوگوں کی آرزوؤں کی تکمیل ہوسکے گی، جس کی تمنا لوگ برسوں سے کر رہے تھے۔
جموں ریلوے ڈویژن، پٹھان کوٹ – جموں – ادھم پور – سرینگر – بارہمولہ، بھوگ پور سِروال – پٹھان کوٹ، Batala – پٹھان کوٹ اور پٹھان کوٹ سے جوگیندر نگر سیکشن پر مشتمل ہوگا۔
اِس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہوگی، سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور خطے کی ہمہ جہت سماجی اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں