وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں خلا میں دریافتوں کے شعبے میں، بھارت کی تاریخی حصولیابیوں اور خلا سے متعلق جدید ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی مہارت کی تعریف کی ہے۔ آج آکاشوانی پر 2025 کے اپنے پہلے ’من کی بات‘ پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک، مستقبل کے چیلنجوں کا حل فراہم کرنے والے دور اندیش سائنسدانوں اور اختراع کاروں کی وجہ سے، خلائی ٹیکنالوجی میں، نئے نقوشِ راہ قائم کر رہا ہے۔
بینگلورو میں قائم بھارتی Space Tech اسٹارٹ اَپ Pixxel کے ذریعے، ملک کے پہلے پرائیویٹ سیٹلائٹ Constellation ’فائر فلائی‘ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے پر اُس کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اِسے، خودکفالت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
وزیر اعظم نے بھارت کی خلائی تحقیق کی تنظیم ISRO کے ذریعے حال ہی میں، خلا میں مصنوعی سیارچوں کی کامیاب Docking کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی خلائی اسٹیشنوں کیلئے سامان بھیجنے اور خلا میں عملے کو بھیجنے کے مشن کیلئے نہایت اہم ہے۔
جناب مودی نے خلا میں پودے اُگائے جانے کے سلسلے میں سائنسدانوں کی کوششوں کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ISRO کے سائنسدانوں نے لوبیے کے بیجوں کو کامیابی کے ساتھ اُگایا۔ اِس کامیابی کو ایک تحریک دینے والا تجربہ قرار دیتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اِس سے مستقبل میں خلا میں سبزیاں اُگانے کا راستہ ہموار ہوگا۔انھوں نے IIT مدراس کے EXTeM مرکز کی بھی تعریف کی جو خلا میں مصنوعات سازی کیلئے نئی ٹیکنالوجیز پر کام کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ EXTeM کی تحقیق سے ملک کے گگن یان مشن، نیز مستقبل کے خلائی اسٹیشن کو استحکام حاصل ہوگا اور اِس سے مصنوعات سازی میں جدید ٹیکنالوجی کے نئے موقعے پیدا ہوں گے۔
اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں جاری مہاکنبھ میں نوجوانوں کی شرکت پر وزیر اعظم نے کہا کہ جب نوجوان نسل اپنے تمدن سے، فخر کے ساتھ وابستہ ہوتی ہے تو اُس کی جڑیں اور مضبوط ہوجاتی ہیں۔
حال ہی میں ایودھیا میں، رام للا کی پران پرتشٹھا کی پہلی سالگرہ کی تقریبات کے دوران لاکھوں عقیدتمندوں کی شرکت کے بارے میں وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ترقی کے راستے پر کام کرتے ہوئے ملک کی وراثت کا تحفظ کرنے کی کوششیں کی جائیں اور اِن سے تحریک بھی حاصل کی جائے۔
وزیر اعظم مودی نے یہ کہتے ہوئے ملک میں ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو نظام کی تعریف کی کہ ناگالینڈ میں اسٹارٹ اَپس کے رجسٹریشن میں پچھلے سال 200 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا۔ اسٹارٹ اَپس انڈیا پہل کے 9 سال پورے ہونے پر جناب مودی نے خاص طور پر چھوٹے شہروں میں ملک کے اسٹارٹ اپ کلچر کے قابل ذکر نشو ونما کی تعریف کی۔
پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میں آج لوگوں نے آکاشوانی پر وزیر اعظم نریندر مودی کا من کی بات پروگرام سنا۔ جناب مودی نے اپنے اس ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں مہاکمبھ 2025 کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ مہا کمبھ مساوات اور ہم آہنگی کا غیر معمولی سنگم ہے۔
مہاکنبھ کی وجہ سے، پورے ملک کے کاریگروں کیلئے ایک سنہری موقع فراہم ہوا ہے۔ یہ عظیم اجتماع پریاگ راج میں سنگم کے مقام پر چھ ہزار مربع میٹر رقبے میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں ’ایک ضلع، ایک پروڈکٹ‘ کی نمائش خاص طور پر کی جارہی ہے۔
فیروز آباد کے قالین، زردوزی، شیشے کے کھلونے، وارانسی کے لکڑی کے کھلونے اور دستکاری کی دیگر مصنوعات، عقیدتمندوں کیلئے بڑی دلکشی کی چیزیں ہیں۔ آکاشوانی کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے پریاگ راج ڈویژن کے، صنعتوں کے جوائنٹ کمشنر شرد ٹنڈن نے کہا کہ مختلف مصنوعات کی نمائش کیلئے تقریباً 140 اسٹالس قائم کئے گئے ہیں۔
یہ ’ایک ضلع ایک پروڈکٹ‘ پہل، دستکاری اور دیہی صنعتوں کو فروغ دینے کی ایک بے مثال کوشش ہے۔ مہاکنبھ 2025 سے نہ صرف روحانی اور ثقافتی صنعت کو استحکام حاصل ہو رہا ہے بلکہ یہ کاروباریوں کیلئے ایک وسیع پلیٹ فارم بھی ہے۔ اِس بار امید ہے کہ اِس مہاکنبھ میلے میں اِس طرح کی مصنوعات کا کاروبار 75 کروڑ روپئے تک پہنچ جائے گا۔
Site Admin | January 19, 2025 9:50 PM