وزیراعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ آزاد، کھلا، سب کی شمولیت والا، خوشحال اور ضابطوں پر مبنی بھارت-بحرالکاہل خطہ پورے علاقے کے امن اور پیشرفت کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ جنوبی بحیرہئ چین کے خطے میں امن وسلامتی اور استحکام، پورے بھارت-بحرالکاہل خطے کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم آج عوامی جمہوریہ Lao کے شہر Vientiane میں انیسویں مشرقی ایشیا سربراہ کانفرنس میں اظہار خیال کررہے تھے۔
دنیا کے مختلف خطوں میں جاری محاذ آرائی اور لڑائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ توسیع پسندی کے بجائے ترقی، حکمت عملی کا حصہ ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مختلف خطوں میں جاری محاذ آرائی کی وجہ سے گلوبل ساؤتھ یعنی عالمی خطہئ جنوب کے ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ملکوں پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ سبھی یہ چاہتے ہیں کہ Eurasia اور مغربی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام بحال ہو۔ انھوں نے یہ بات دوہرائی کہ یہ دور جنگ کا نہیں ہے اور مسائل کے حل میدانِ جنگ سے نہیں نکالے جاسکتے۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اقتدارِ اعلیٰ، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قوانین کا احترام ضروری ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے رویے، مذاکرات اور ڈپلومیسی پر زور دیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اِس سمت ہر ممکن قدم اٹھاتا رہے گا۔
دہشت گردی کو عالمی امن وسلامتی کیلئے ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ دنیا کے ملکوں کو دہشت گردی سے لاحق چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ سائبر، بحری اور خلاء کے شعبوں میں بھی اشتراک کو مستحکم کرنا ہوگا۔
جناب مودی اور عوامی جمہوریہ Lao کے اُن کے ہم منصب Sonexay Siphandone نے آج ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تزئین کاری، ترقیاتی ساجھیداری، صلاحیت سازی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے درمیان تعلقات جیسے کلیدی شعبوں میں اشتراک وتعاون سمیت‘ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے مفید اور نتیجہ خیز بات چیت کی۔ بھارت اور عوامی جمہوریہ Lao نے دفاعی تعاون، کسٹم سے متعلق امور میں ایک دوسرے کی مدد اور Mekong Ganga تعاون کے تحت فوری اثر والے پروجیکٹس کے لیے مفاہمت ناموں کا تبادلہ کیا۔
پرسار بھارتی اور Lao نیشنل ٹیلی ویژن نے نشریات میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمت کے ایک اقرار نامے پر دستخط کیے۔ اِن مفاہمت ناموں کا تبادلہ جناب مودی اور جناب Siphandone کی موجودگی میں کیا گیا۔
جناب مودی نے آج Vientiane میں انیسویں مشرقی ایشیا سربراہ کانفرنس کے موقع پر تھائی لینڈ کے اپنے ہم منصب Paetongtarn Shinawatra سے بھی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے بھارت اور تھائی لینڈ کے درمیان باہمی تعلقات کے مختلف شعبوں اور بمسٹیک کے ذریعے قریبی علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طور طریقوں کے بارے میں اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔