وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتی آئین کے اعلیٰ معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے 134 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ہریانہ کے یمنا نگر میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آج افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے دِین بندھو چھوٹو رام تھرمل پاور پلانٹ کے 800 میگاواٹ کے جدید ترین پن بجلی یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا، جس پر تقریباً 8 ہزار 470 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اِس یونٹ سے ریاست بھر میں بجلی کی بلا رکاوٹ سپلائی فراہم کی جاسکے گی۔ انہوں نے مبارکپور میں کمپریسڈ بائیو گیس پلانٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ جناب مودی نے 14 اعشاریہ چار کلو میٹر طویل ریواڑی بائی پاس پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا، جس پر بھارت مالا پری یوجنا کے تحت تقریباً ایک ہزار 70 کروڑ روپے کی لاگت لگے گی۔
اِس موقع پر موجود اشخاص سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے بابا صاحب امبیڈکر کے نظریے پر آگے بڑھتے رہنے کے اپنی حکومت کے عزم کے تئیں فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے بابا صاحب کے اِس یقین کو اجاگر کیا کہ صنعتی ترقی، سماجی انصاف کا ایک راستہ ہے۔
ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں بجلی کے اہم ترین رول کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بجلی کی دستیابی کو بڑھانے کی حکومت کی کثیر رُخی کوششوں کو اجاگر کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار لازمی ہے تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بجلی کی کمی کے سبب ملک کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہ پڑے۔
اِس سے قبل دن میں وزیر اعظم نے حصار میں مہاراجہ اَگر سین ہوائی اڈے کی نئی ٹرمنل بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا، جس پر 410 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے اِس موقع پر حصار سے ایودھیا جانے والی ایک کمرشیل پرواز کو بھی جھندی دکھاکر روانہ کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے نئے ہوائی اڈے اور پروازوں کو ہریانہ کی امنگوں کی تکمیل کی جانب ترغیب قرار دیا۔ وقف ایکٹ میں ترامیم کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ نئی شقوں سے وقف کے تقدس میں اضافہ ہوگا اور اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے گا کہ غریب اور پسماندہ مسلم خاندانوں، خواتین اور بچوں کے حقوق کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے اِس بات کی توثیق کی کہ اِس عمل سے آئین کی سچی روح اور حقیقی سماجی انصاف کا اظہار ہوتا ہے۔