July 28, 2024 9:52 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے اشارہ دیا ہے کہ کھادی اور ہتھ کرگھہ مصنوعات کی فروخت میں اضافے سے، روزگار کے نئے موقعے پیدا ہو رہے ہیں

وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ ملک میں کھادی اور ہتھ کرگھا مصنوعات کی فروخت میں اضافے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ آج آکاشوانی پر من کی بات پروگرام کے اپنے 112ویں نشریے میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کھادی ولیج انڈسٹری کا مجموعی کاروبار پہلی مرتبہ ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپئے سے تجاوز کر گیا ہے، جو 400 فیصد کا اضافہ ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ بہت سے لوگ جو پہلے کھادی مصنوعات کا استعمال نہیں کرتے تھے، اب وہ فخر کے ساتھ کھادی کے کپڑے پہن رہے ہیں۔ انھوں نے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ جن لوگوں نے کھادی کے کپڑے نہیں خریدے ہیں وہ اِس سال سے خریدنا شروع کردیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگست کا مہینہ آنے والا ہے اور کھادی خریدنے کیلئے اس سے بہتر وقت نہیں ہوسکتا۔
ہتھ کرگھا صنعت کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے ہریانہ کے روہتک ضلعے کی اُن ڈھائی سو خواتین کی ستائش کی، جو UNNATI Self Help Group میں شامل ہوئی ہیں اور بلاک پرنٹنگ اور رنگائی میں تربیت حاصل کی ہے۔ملک میں ہتھ کرگھے کا قومی دن اگلے مہینے کی سات تاریخ کو منایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ملک کے مختلف حصوں کے کاریگر ہتھ کرگھا کو مقبولِ عام بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔
جناب مودی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہیش ٹیگ مائی پروڈکٹ مائی پرائیڈ کے ساتھ اپنی مقامی اشیاء اور سامان کو سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کریں۔
ملک میں منشیات کی لعنت کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے اس نمٹنے کیلئے حکومت کے سرگرم اقدامات کو اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کے خلاف لڑائی میں ایک قدم کے طور پر حکومت نے ایک خصوصی پہل MANAS کا آغاز کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اِس بات پر فخر کا اظہار کیا ہے کہ آسام کے چرائی دیو میدام کو یونیسکو کی عالمی وراثت کے مقامات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مذکورہ فہرست میں شامل کیا جانے والا بھارت کا 43واں مقام ہے جبکہ شمال مشرقی خطے سے ثقافتی عالمی ورثے کا یہ ایسا پہلا مقام ہے۔ انھوں نے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ اپنے مستقبل کے سفر کے منصوبوں میں چرائی دیو میدام کو شامل کریں۔
کَل دنیا بھر میں شیروں سے متعلق بین الاقوامی دن منایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شیر اور انسان کے درمیان ٹکراؤ کی صورت میں شیروں کے تحفظ کیلئے غیرمعمولی کوششیں کی جارہی ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ”کلہاڑی بند پنچایت“ عوامی شمولیت کی اِس طرح کی ایک کوشش ہے۔ کلہاڑی بند پنچایت مہم کا آغاز راجستھان کے Ranthambore سے ہوا تھا۔ اس پہل کے تحت مقامی برادریوں نے حلف لیا تھا کہ وہ درختوں کو کاٹنے کیلئے جنگل نہیں جائیں گے تاکہ شیروں کیلئے بہتر ماحولیات قائم کیا جاسکے۔انھوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ بڑی تعداد میں لوگ ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے ساتھ منسلک ہو رہے ہیں۔ انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنی ماں کے نام پر درخت لگائے جانے کی اِس مہم میں شامل ہوں اور سیلفی لیں اور اِسے سوشل میڈیا پر ڈالیں۔
پیرس میں جاری اولمپک کھیلوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اولمپک کھیل بھارتی کھلاڑیوں کو عالمی منظر نامے پر ترنگا لہرانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ Cheer For Bharat کے ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔
وزیر اعظم نے لوگوں سے کہا کہ اب جبکہ 15 اگست کا دن نزدیک آرہا ہے وہ ”ہر گھر ترنگا“ مہم میں شامل ہوں۔ جناب مودی نے لوگوں کی اِس بات کیلئے حوصلہ افزائی کی کہ وہ ”ہر گھرترنگا ڈاٹ کوم“ پرترنگے کے ساتھ اپنی سیلفی اَپ لوڈ کریں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں