وزیر اعظم نریندر مودی نے آج آندھرا پردیش کیلئے 2 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وشاکھاپٹنم میں آندھرا یونیورسٹی انجینئرنگ کالج کے میدان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج آندھرا پردیش میں ماحولیات کیلئے سازگار توانائی کے اقدامات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے پروجیکٹوں کا آغاز کیا جانا، ریاست کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے عہد بستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئرن آندھرا پردیش 2047، وکست بھارت 2047 کا اٹوٹ حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا مرکز ہے اور NDA حکومت، آندھرا پردیش کے 2047 تک ڈھائی ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ریاست کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں شمولیت والی اور سبھی کی مکمل ترقی کو یقینی بنانے پر عہد بستہ ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ گرین ہائیڈروجن پروجیکٹ اور بلک ڈرگ پارک، ریاست میں صنعتی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کے عمل کو رفتار عطا کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کرشنا پٹنم صنعتی پارک سٹی (CKRIS) ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا اور آندھرا پردیش کے رائل سیما خطے کی ترقی کو یقینی بنائے گا۔
اس سے پہلے آج وشاکھاپٹنم میں اپنی آمد کے بعد جناب مودی نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو اور نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کے ہمراہ ایک روڈ شو بھی کیا۔
وزیر اعظم نے مسرت کا اظہار کیا کہ وشاکھاپٹنم میں جنوب ساحلی ریلوے زون کے ہیڈکوارٹر کی تعمیر سے، آندھراپردیش میں ریلوے زون کا دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خطے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ NDA حکومت سمندری معیشت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے آندھرا پردیش کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
وزیر اعظم نے 4 ہزار 593 کروڑ روپے مالیت کے سڑک تعمیر اور توسیع کاری کے 10 پروجیکٹوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعظم نے تیروپتی ضلعے میں 2 ہزار 139 کروڑ روپے مالیت کے کرشنا پٹنم صنعتی پارک (KRIS) سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ وشاکھاپٹنم میں جنوبی ساحلی ریلوے زون ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا نیز وشاکھاپٹنم کے نزدیک Nakkapalli میں ایک ہزار 877 کروڑ روپے کی مالیت کے Bulk Durg Park کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے رائل سیما خطے میں 5 ہزار 718 کروڑ روپے کی لاگت سے تین ریلوے لائنوں اور 3 ہزار 49 کروڑ روپے مالیت کے 7 سڑک پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا۔ x