ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

July 11, 2024 9:29 AM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریا کے اپنے دورے کو تاریخی اور انتہائی مفید قرار دیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریا کے اپنے دورے کو تاریخی اور انتہائی مفید قرار دیا ہے، جس سے دونوں ملکوں کی دوستی کو تقویت ملی ہے۔ آسٹریا کا اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد جناب مودی نے کہا کہ انہیں ویانا میں مختلف طرح کے پروگراموں میں شرکت کرکے خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے  مہمان نوازی اور پیار محبت کے جذبے کیلئے آسٹریا کے چانسلر  Karl Nehammer، وہاں کی سرکار اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ویانا میں آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ بات چیت کے بعد وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اور آسٹریا نے باہمی تعلقات کو کلیدی سمت دینے کا فیصلہ کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی اشتراک کو مزید مستحکم بنانے کے نئے امکانات کی نشاندہی کی ہے۔

آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں جناب مودی نے کہا کہ انہوں نے یوکرین کی لڑائی اور مغربی ایشیا کے حالات سمیت دنیا کی موجودہ جغرافیائی اور سیاسی صورتحال کے بارے میں تفصیلی تبادلہئ خیال بھی کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اور آسٹریا مختلف شعبوں میں مل کر کام کریں گے، جس میں بنیادی ڈھانچے کا فروغ، اختراع، قابل تجدید توانائی، ہائیڈروجن، آرٹیفیشیل انٹلیجنس اور Quantum ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں۔ جناب مودی نے بتایا کہ آنے والی دہائیوں کیلئے اشتراک سے متعلق ایک خاکہ تیار کیا گیا ہے۔

چانسلر Nehammer کے ساتھ بھارت اور آسٹریا کے چیف ایگزیکیوٹیو افسروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریا کے کاروباری رہنماؤں سے کہا کہ وہ  بھارت میں نئے ابھرنے والے موقعوں سے فائدہ اٹھائیں، کیونکہ بھارت اگلے چند برسوں میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت گامزن ہے۔

جناب مودی نے آسٹریا کی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ اندرونِ ملک اور بین الاقوامی مارکیٹ دونوں کیلئے میک اِن انڈیا پروگرام کے تحت اعلیٰ معیار کی کم لاگت والی مینوفیکچرنگ کیلئے بھارت میں دستیاب اقتصادی سہولیات کو بروئے کار لائیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے فزکس میں نوبل انعام حاصل کرنے والے Anton Zeilinger سے ملاقات کی اور Quantum ٹیکنالوجی سے متعلق امکانات تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ روحانیت کے موضوع پر بھی بات چیت کی۔

وزیر اعظم نے آسٹریا میں بھارتی علوم کے سرکردہ ماہر پروفیسر Birgit Kellner، ڈاکٹر Martin Gaenszle، ڈاکٹر Borayin Larios اور ڈاکٹر Karin Preisendanz سے بھی ملاقات کی اور آسٹریا میں بھارتی علوم کی بنیاد کے ساتھ ساتھ بھارت کی تاریخ، فلسفے، آرٹ اور کلچر کی شاندار وراثت پر تبادلہئ خیال کیا۔

ویانا میں بھارتی برادری کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ دنیا بڑی امید کے ساتھ بھارت کی طرف دیکھ رہی ہے اور پوری دنیا میں ہر کوئی بھارت کے بارے میں اور زیادہ جاننا چاہتا ہے۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ بھارت اور آسٹریا اگرچہ جغرافیائی اعتبار سے بہت دور ہیں، پھر بھی دونوں ملکوں میں کئی لحاظ سے یکسانیت ہے۔  وزیر اعظم نے کہاکہ جمہوریت کے ساتھ ساتھ آزادی، مساوات، گوناگونیت کی مشترکہ اقدار نیز قانون کی عملداری کا احترام بھارت اور آسٹریا کو جوڑتے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی روس اور آسٹریا کے سرکاری دورے کے بعد نئی دلی واپس آگئے ہیں۔ جناب مودی پیر کو اِن ملکوں کے تین دن کے دورے پر گئے تھے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں