وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں، بیرونِ ملک بھارتی برادری کے رول کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ اڈیشہ کی راجدھانی بھوبنیشور میں 18ویں پرواسی بھارتیہ دِوس کنونشن کا افتتاح کرنے کے بعد، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے عالمی ترقی اور بھارت کی ترقی کی داستان میں، بیرونِ ملک بھارتی برادری کے اہم رول کی ستائش کی۔ انہوں نے بھارتی برادری کو، دنیا کے ملکوں میں، ملک کے سفارت کاروں کے طور پر خدمات انجام دینے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک بھارتی برادری نے عالمی سطح پر مہارت حاصل کی ہے اور اِن کی کامیابیاں، ملک کیلئے فخر کا سبب بنی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے بھارتی برادری کے تئیں دنیا کی طرف سے کئے جانے والے احترام میں بھارتی اقدار کے رول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سال میں انہوں نے بہت سے عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ دنیا کے ہر رہنما نے بھارتی برادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اِس کی ایک اہم وجہ، سماجی اقدار ہیں، جو دنیا بھر کے معاشروں میں بھارتی برادری میں موجود ہیں۔ بھارت کی جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ بھارت، محض کوئی مادرِ جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت، ہمارے طرزِ زندگی کا حصہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے 25 کروڑ سے زیادہ عوام پچھلی دہائی میں غریبی سے باہر آئے ہیں، جبکہ ملک، دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سبھی شعبوں میں مہارت حاصل کررہا ہے، جس میں قابلِ تجدید توانائی، بجلی کی ترسیل، جنگجو ہوائی جہازوں کی تیاری، میٹرو اور Bullet ٹرین بھی شامل ہے اور جلد ہی پرواسی بھارتی، ’میڈ اِن انڈیا‘ طیارے میں ملک واپس آئیں گے۔
جناب مودی نے بھارت کی نوجوان آبادی کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اصل توجہ، ملک کے نوجوانوں کی ہنرمندی میں اضافہ کرنے پر ہے تاکہ اِن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 1915 میں آج ہی کے دن بابائے قوم مہاتما گاندھی، بیرونِ ملک طویل عرصے قیام کے بعد وطن واپس آئے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں اترپردیش میں پریاگ راج میں مہاکنبھ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ جب بھارت میں مکرسنکرانتی سے لے کر لوہڑی، پونگل اور ماگھ بیہو تک کے گوناگوں تہوار منعقد ہوتے ہیں۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ ملک میں بھارتی برادری کی ایسے وقت میں موجودگی سے، اِس موقع پر تہواروں کے جذبے میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ وزیر اعظم نے پرواسی بھارتیہ دِوس قائم کرنے میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے تعاون کا اعتراف کیا، جس کی وجہ سے بھارت اور اِس کی بیرونِ ملک برادری کے درمیان مضبوطی لانے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم ہوا۔
اڈیشہ کی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ اِس سرزمین سے بھارت کی مالا مال وراثت کی عکاسی ہوتی ہے، جس میں اُدے گِری اور Khandagiri گپھائیں، کونارک مندر اور تامر لِپتی اور مانِک پٹنہ جیسے مقامات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہذیب کے یہ خزانے زبردست فخر کا باعث ہیں۔ اِس موقع پر وزیر اعظم نے پرواسی بھارتیہ ایکسپریس کے افتتاحی سفر کو ورچوئل وسیلے سے جھنڈی دکھاکر شروع کیا۔ یہ پرواسی تیرتھ دَرشن یوجنا کے تحت بھارتی برادری کیلئے ایک خصوصی سیاحتی ٹرین ہے۔ دلّی میں نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوکر یہ ریل گاڑی، بھارتی برادری کے ارکان کو پورے ملک میں تین ہفتے کے دوران مختلف مذہبی اور سیاحتی مقامات پر لے جائے گی۔ x