وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہریانہ کے شہر پانی پت میں بیمہ سکھی یوجنا کا آغاز کیا۔ اِس اسکیم کا مقصد، خواتین کے مابین مالیاتی خواندگی اور بیمے سے متعلق بیداری کو فروغ دینا ہے۔ بھارت کے زندگی بیمہ کارپوریشن، LIC کی یہ پہل، 18 سے 70 سال کی اُن خواتین کو بااختیار بنائے گی جنھوں نے دسویں کلاس پاس کی ہوئی ہے۔ اس کے تحت اُنھیں خصوصی تربیت اور پہلے تین سالوں کیلئے ایک مشاہرہ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے بیمہ سکھیوں کو تقرری کے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ سب کیلئے بیمہ، سماجی تحفظ کا ایک کلیدی حصہ ہے اور یہ غریبی کو جڑ سے ختم کرنے میں اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خواتین نے بینکاری کی خدمات کو گاؤوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ بینک سکھیاں اَب گاؤں والوں کو بینکوں کے ساتھ منسلک کر رہی ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ اُن کی حکومت نے پچھلے دس سالوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے غیرمعمولی اقدامات کئے ہیں۔ جناب مودی نے چند سال قبل پانی پت سے بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ مہم کا آغاز کرنے کے اپنے اقدام کی یاد دہانی کرائی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ خواتین کو بااختیار بننے اور آگے بڑھنے کے واضح مواقع حاصل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ جب خواتین بااختیار ہوتی ہیں تو وہ ملک کیلئے مواقعوں کی نئی راہیں ہموار کرتی ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کرنال میں مہارانا پرتاپ ہورٹی کلچر یونیورسٹی کے اصل کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس سے قبل آج وزیر اعظم نے راجستھان کا دورہ کیا اور جے پور میں سہ روزہ ابھرتے ہوئے راجستھان کی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح کیا۔
اس تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ اِس صدی کی قیادت ٹیکنالوجی اور اعداد وشمار کے ذریعے کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت جمہوریت، آبادیات اور اعداد وشمار کی اصل قوت کا دنیا کے سامنے مظاہرہ کر رہا ہے۔
ہمارے جے پور کے نمائندے نے خبر دی ہے کہ آج جاری ابھرتے ہوئے راجستھان کے عالمی سرمایہ کاری کی کانفرنس میں مختلف شعبہ جاتی اور ملک گیر اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
Site Admin | December 9, 2024 9:42 PM