وزیر اعظم نریندر مودی جنجاتیہ گورو دیوس منانے کیلئے آج بہار کے جموئی کا دورہ کریں گے۔ اِس کے ساتھ ہی دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز ہوجائے گا۔ جناب مودی قبائلی طبقوں کی ترقی اور خطے کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے 6 ہزار 600 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم پی جن من خصوصی مہم کے تحت تعمیر کردہ گیارہ ہزار مکانات کے گرہ پرویش کی تقریب میں بھی ورچوئل طریقے سے شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم جموئی کے Ballopur میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے اور پی ایم جن من اور دھرتی آبا جَن جاتیہ اُتکرش گرام ابھیان اور دیگر اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والے قبائلی برادری کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ وہ اِس موقع پر بھگوان برسامنڈا کے اعزاز میں ایک یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کریں گے۔ جناب مودی قبائلی مجاہدین آزادی سے متعلق دو میوزیم اور دو قبائلی تحقیقی اداروں کا بھی افتتاح کریں گے۔اِس کا مقصد قبائلی طبقات کی مالا مال تاریخ اور ورثے کا تحفظ کرنا ہے۔ وزیر اعظم یہاں قائم کئے گئے قبائلی ہاٹ کا بھی معائنہ کریں گے۔ اِس ہاٹ میں قبائلی طبقات سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کے ذریعے تیار کی گئی مختلف قسم کی اشیاء کی نمائش کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار، ریاستی وزراء اور دیگر معززین اِس پروگرام میں شرکت کرینگے۔
وزیرا عظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے چھتیس گڑھ کے ضلع ہیڈ کوارٹرس میں منعقد کی جارہی تقریبات سے بھی خطاب کریں گے۔ جناب مودی پی ایم جَن مَن یوجنا کے مستفیدین سے بھی بات چیت کریں گے۔
جنجاتیہ گورو دیوس کے موقع پر آج چھتیس گڑھ کے مختلف ضلع ہیڈ کوارٹرس میں پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اِس موقع پر ورچوئل وسیلے سے وزیر اعظم کے خطاب کو نشر کرنے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پروگرام کے دوران مقامی مجاہدین آزادی کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ چھتیس گڑھ میں آج سے 26 نومبر تک پی ایم جَن مَن اور دھرتی آوا جَن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان کے تحت شامل گاؤں میں خصوصی گرام سبھاؤں کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔ ریاست کی راجدھانی رائے پور میں کَل سے دو روزہ جَن جاتیہ گورو دیوس اور بین ریاستی قبائلی لوک رقص فیسٹول پہلے ہی شروع ہوچکا ہے۔ اِس فیسٹول میں 21 ریاستوں کے 28 قبائلی ڈانس گروپ شرکت کررہے ہیں۔