وزیر اعظم نریندر مودی BIMSTEC کی چھٹی سربراہ میٹنگ میں شرکت کیلئے تین اپریل کو تھائی لینڈ کے دو دن کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ وزارتِ خارجہ میں مشرقی ملکوں کے امور کے سکریٹری جے دیپ مجمدار نے آج نئی دلّی میں نامہ نگاروں کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم کا تھائی لینڈ کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت قریب قریب پندرہ ارب ڈالر کی ہورہی ہے۔ تھائی لینڈ کیلئے بھارت کی برآمدات کی مالیت تقریباً پانچ ارب ڈالر ہے، جبکہ تھائی لینڈ سے ہونے والی درآمدات کی مالیت لگ بھگ 10 ارب ڈالر ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اپنے اِس دورے میں تھائی لینڈ کی اپنی ہم منصب Paetongtarn Shinawatra کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
خارجہ سکریٹری وکرم مِسری نے بتایا کہ BIMSTEC کی سربراہ کانفرنس کے بعد جناب مودی اگلے مہینے کی چار تاریخ سے چھ تاریخ تک سری لنکا کے دورے پر رہیں گے۔ جناب مودی، سری لنکا کے صدر Anura Kumara Disanayake کی دعوت پر وہاں کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔
اِس سے قبل سری لنکا کے صدر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورے پر بھارت آئے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا سری لنکا کا یہ چوتھا دورہ ہوگا۔ اِس سے پہلے وہ 2019 میں سری لنکا گئے تھے۔ جناب مودی اپنے دورے میں سری لنکا کے صدر کے ساتھ تبادلہئ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما کئی پروجیکٹوں کو وقف کریں گے، جو سری لنکا میں بھارت کی امداد سے بنائے جارہے ہیں۔ x