September 19, 2024 9:50 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی اِس مہینے کی 21 سے 23 تاریخ تک امریکہ کا تین روزہ دورہ کریں گے

وزیر اعظم نریندر مودی اِس مہینے کی 21 سے 23 تاریخ تک امریکہ کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ آج نئی دلّی میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے، خارجہ سکریٹری وِکرم مسری نے کہا کہ دورے کے دوران، وزیر اعظم مودی بہت سے غیرملکی لیڈروں کے ساتھ بات چیت کریں گے نیز امریکہ میں بھارتی برادری سے بھی بات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم بہت سے کاروباری اور صنعتی لیڈروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ خارجہ سکریٹری نے کہا کہ جناب مودی سنیچر کے روز Delaware کے Wilmington میں کواڈ لیڈروں کی سربراہ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت 2025 میں اگلی کواڈ سربراہ کانفرنس منعقد کرے گا۔
بھارت-امریکہ باہمی میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب مسری نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جامع عالمی اہم شراکت داری کا جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت-بحرالکاہل اقتصادی فریم ورک IPEF اور بھارت-امریکہ ڈرگ فریم ورک سے تعلق رکھنے والے سمجھوتوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ سربراہ کانفرنس کے موقع پر جاپان اور آسٹریلیاکے لیڈروں کے ساتھ باہمی میٹنگیں بھی ہوں گی۔
جناب مسری نے بتایا کہ وزیراعظم پیر کے روز اقوام متحدہ میں مستقبل کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے نیویارک جائیں گے۔ اِس سربراہ کانفرنس کا موضوع ہے ”ایک بہتر کَل کیلئے کثیر جہتی حل“
بھارت، عالمِ جنوب کی ترقیاتی ضروریات اور خواہشات کو اجاگر کرتے ہوئے، شمولیاتی اور مساوی پائیدار ترقی کے معاملوں پر زور دے گا۔ بھارت اِس ضمن میں بھارت کی رسائی، اقدامات اور کامیابیوں کو بھی اجاگر کرے گا۔ امن و تحفظ کے معاملے سے متعلق جناب مسری نے اجاگر کیا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں کشیدگی، تقسیم اور تصادم میں اضافہ ہو رہا ہے، بھارت SOTF میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ڈپلومیسی اور مذاکرات کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرے گا۔ جناب مسری نے مزید کہا کہ وزیراعظم مودی، نیویارک کے Long Island میں اتوار کے روز بھارتی کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ وہ امریکہ میں قائم سرکردہ کمپنیوں کے CEOs سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ مصنوعی ذہانت، کوانٹنم کمپیوٹنگ، سیمی کنڈکٹرس اور بایوٹیکنالوجی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر تعاون حاصل کیا جائے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں