August 22, 2024 10:38 AM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی آج وارسا میں پولینڈ کے اپنے ہم منصب Donald Tusk کے ساتھ وفود کی سطح کی بات چیت کریں گے

وزیر اعظم نریندر مودی آج وارسا میں پولینڈ کے اپنے  ہم منصب Donald Tusk کے ساتھ بات چیت کریں گے، جس میں دونوں ملکوں کے وفود بھی شامل ہوں گے۔ امید ہے کہ دونوں رہنما باہمی تعلقات کا جائزہ لیں گے اور مختلف امور پر تبادلہئ خیال کریں گے۔ اِس میٹنگ سے دونوں لیڈروں کو دیگر راستے تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔ جناب مودی پولنڈ کے صدر Andrzej Duda سے بھی ملاقات کریں گے۔ اِس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کا روایتی انداز سے خیر مقدم کیا جائے گا۔ وہ نامعلوم سپاہی کی یادگار پر گل دائرہ بھی نذر کریں گے۔ وزیر اعظم کاروباری رہنماؤں اور پولینڈ کے ممتاز افراد کے ساتھ گفتگو بھی کریں گے۔

کَل رات وارسا میں بھارت نژاد افراد سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ آج کا بھارت ہر ایک کے ساتھ رابطہ قائم کرنا اور سبھی کی ترقی اور بہبود چاہتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بھارت نے دیگر ملکوں سے دوری بنائے رکھنے کی پالیسی اختیار کر رکھی تھی لیکن آج کے بھارت کی پالیسی سبھی ملکوں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کا موقف بالکل واضح ہے کہ یہ جنگ کا دور نہیں اور بھارت تنازعات کو حل کرنے کیلئے مذاکرات اور ڈپلومیسی میں یقین رکھتا ہے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ بھارت خطے میں امن کی وکالت کرتا ہے۔ انہوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ دنیا اب وشو بندھو کے طور پر بھارت کا احترام کرتی ہے۔

جناب مودی دو ملکوں پولینڈ اور یوکرین کے دورے کے پہلے مرحلے میں کَل شام وارسا پہنچے ہیں۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر انہوں نے کہا کہ اِس دورے سے بھارت-پولینڈ دوستی کو نئی رفتار ملے گی اور دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ گزشتہ 45 سال میں کسی بھارتی وزیر اعظم کا پولینڈ کا یہ پہلا دورہ ہے۔

وسطی یوروپ میں میں پولینڈ، بھارت کا ایک اہم ساجھیدار ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت 6 ارب ڈالر مالیت کی ہے اور اِس طرح وسطی اور مشرقی یوروپ میں پولینڈ، بھارت کا سب سے بڑا تجارتی ساجھیدار ملک ہے۔ پولینڈ میں بھارت کی سرمایہ کاری تقریباً 3 ارب ڈالر ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے جبکہ بھارت میں پولینڈ کی سرمایہ کاری لگ بھگ ایک ارب ڈالر مالیت کی ہے۔ پولینڈ میں کئی بھارتی کمپنیاں کاروبار کررہی ہیں اور آئی ٹی، الیکٹرانکس، دواسازی، اسٹیل، دھات اور کیمیکل سمیت مختلف شعبوں میں کام کررہی ہیں۔ اِدھر پولینڈ کی تقریباً 30 کمپنیاں بھارت میں مختلف کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں