August 31, 2024 10:35 AM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی آج، 3 وَندے بھارت ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی آج دوپہر ویڈیو کانفرنسنگ کے وسیلے سے 3 وَندے بھارت ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ میک اِن انڈیا اور آتم نربھر بھارت کے مقصد کو پورا کرنے کیلئے، جدید ترین انداز کی یہ وندے بھارت ایکسپریس، 3 راستوں میرٹھ-لکھنؤ، مدورائی-بنگلورو اور چنئی-ناگر کوءِل پر رابطوں کو بہتر بنائے گی۔ اِن نئی وندے بھارت ریل گاڑیوں سے، اترپردیش، تملناڈو اور کرناٹک کے عوام کو، سفر کا عالمی درجے کا وسیلہ، رفتار اور آرام فراہم ہوگا۔

اِن وندے بھارت ایکسپریس کی خدمات شروع کئے جانے سے، اکثر سفر کرنے والوں، پیشہ ور افراد، تاجروں اور طلباء کو نئے معیار کی ریل خدمات فراہم ہوں گی۔

ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ میرٹھ اور لکھنؤ کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس کے 8 ڈبے ہوں گے اور یہ تقریباً 7 گھنٹے 15 منٹ کا سفر طے کرے گی۔

میرٹھ۔لکھنؤ وندے بھارت ایکسپریس، اتوار کے روز لکھنو سے اور پیر کے روز میرٹھ سٹی جنکشن سے اپنی خدمات انجام دے گی۔

یہ ٹرین منگل کو چھوڑکر ہفتے میں چھ دن چلے گی۔ میرٹھ-لکھنؤ وندے بھارت ٹرین، میرٹھ سٹی سے صبح 6 بجکر 35 منٹ پر اور لکھنؤ سے دوپہر پونے تین بجے چلی گی۔

یہ جدید ترین سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین، جدید سہولتوں سے آراستہ ہے جو مسافروں کو تیز اور آرام دہ سفر کا احساس دلائے گی۔ وندے بھارت ٹرین سے میرٹھ سٹی اور لکھنو کے درمیان سفر کا وقت کم ہوگا اور کنکٹویٹی میں بہتری آئے گی۔

وندے بھارت ایکسپریس سے، چنئی ایگمور سے ناگر کوءِل تک، بنیادی طور پر صنعتی، تجارتی اور سیاحتی علاقوں سے رابطے میں بہتری آئے گی، جس میں تریچی، مدورائی، ڈِنڈی گُل اور ترونیل ویلی بھی شامل ہیں۔

قدیم مندروں اور سیاحت کی سرزمین چنئی اور ناگرکوءِل کو جوڑنے والی پہلی وندے بھارت ریل خدمات آج سے شروع ہورہی ہے۔ 12 ضلعوں سے گزرتے ہوئے یہ ٹرین726  کلومیٹر کا سفر طے کرے گی اور ملک بھر کے سیاحوں کو جدید اور تیز رفتار سفر کے تجربے سے لطف اندوز کرائے گی۔  وندے بھارت ٹرین عالمی درجے کی سہولتوں سے آراستہ ہے اور جدید طرز کی حفاظتی خصوصیات جیسے کَوَچھ ٹکنالوجی، CCTV کیمروں اور 360 زاویوں پر گھومنے والی سیٹوں سے لیس ہے۔ اس نئی وندے بھارت ٹرین سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں