وزیر اعظم اور BJP کے سرکردہ لیڈر نریندر مودی نے جموں و کشمیر اور ہریانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں آج چناؤ ریلیوں سے خطاب کیا۔ کروکشیتر کے تھِیم پارک میں آج شام ہریانہ اسمبلی انتخابات کیلئے BJP کی چناؤ مہم کا آغاز کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے ہریانہ کی ترقی بہت اہمیت کی حامل ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ سرکار، غریبوں، خواتین، کسانوں اور نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کی سرکار کی تیسری مدت کے 100 دن کے اندر ہی اُس نے 15 لاکھ کروڑ روپے مالیت کے نئے پروجیکٹوں کو منظوری دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ BJP سرکار نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت غریبوں کیلئے 3 کروڑ مکانات کی تعمیر کی منظوری دی۔
جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ سرکار کے لکھپتی دیدی پروگرام کی بدولت خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور صرف 100 دن میں ہی گیارہ لاکھ سے زیادہ خواتین لکھپتی دیدی بن گئی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ BJP کی زیر قیادت مرکزی سرکار نے 70 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو 5 لاکھ روپے مالیت کا مفت علاج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ہریانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اعلیٰ مشاہدین کی حیثیت سے پارٹی کے تین سرکردہ لیڈروں کو مقرر کیا ہے۔
اِن میں اشوک گہلوت، اجئے ماکن اور پرتاپ سنگھ باجوہ شامل ہیں۔
آنے والے دنوں میں کانگریس، عام آدمی پارٹی، انڈین نیشنل لوک دَل، جَن نائک جنتا پارٹی اور دیگر پارٹیوں کے سرکردہ لیڈر اور ممتاز شخصیات بھی ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے انتخابی مہم میں شامل ہوجائیں گے۔ ہریانہ میں واحد مرحلے کے اسمبلی انتخابات، اگلے مہینے کی 5 تاریخ کو ہوں گے۔
اُدھر جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے چناؤ مہم میں تیزی آگئی ہے۔ اِس مرحلے میں اِس مہینے کی 18 تاریخ کو 24 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
وزیر اعظم اور BJP کے سرکردہ لیڈر نریندر مودی نے آج ڈوڈہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں پر اقرباء پروری کا الزام لگایا اور کہا کہ جموں کشمیر ترقی کی ایک نئی داستان لکھ رہا ہے۔کشمیر وادی میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈر ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے ریلیاں اور روڈ شو کر رہے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے قائم مقام نائب صدر عمر عبد اللہ نے آج اننت ناگ ضلعے میں عیش مقام پر ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا اور کہا کہ اقتدار میں آنے پر نیشنل کانفرنس، جو سرکار بنائے گی، وہ عوام کا پورا خیال رکھے گی۔BJP قومی ایگزیکٹیو کے ممبر اور جموں کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے بھی پلوامہ ضلعے کے راج پورہ علاقے میں Abahama کے مقام پر ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر محترمہ درخشاں اندرابی نے نوجوان رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ خاندانی سیاست کو مسترد کر دیں۔
اِدھر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ PDF کے چیئرمین اور بڈگام کے خان صاحب اسمبلی حلقے کیلئے امیدوار حکیم محمد یاسین نے ایک جلسہئ عوام سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ خاندانی سیاست کرنے والی پارٹیوں کو مسترد کر دیں۔
Site Admin | September 14, 2024 9:51 PM