فرانس کے اپنے کامیاب دورے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ دو ملکوں کے اپنے دورے کے دوسرے مرحلے کے تحت وزیر اعظم مودی، کل علی الصبح واشنگٹن DC پہنچیں گے۔
اِس سے پہلے وزیر اعظم مودی کے دورے کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مِسری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، اُن چنندہ عالمی رہنماؤں میں سے ایک ہوں گے، جو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی، واشنگٹن DC میں صدر ٹرمپ کے ساتھ محدود اور وفد کی سطح دونوں طرز پر بات چیت کریں گے۔ جناب مودی کا امریکی انتظامیہ کی سینئر شخصیات، صنعتی رہنماؤں اور بھارتی برادری کے اراکین سے ملاقات کا بھی پروگرام ہے۔
نئی انتظامیہ کے عہدہ سنبھالنے کے محض تین ہفتے کے اندر جناب مودی کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی گئی، جو بھارت- امریکہ ساجھیداری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ دورہ، باہمی مفادات کے سبھی شعبوں میں نئی انتظامیہ کے ساتھ مصروف عمل ہونے کا قیمتی موقع ہوگا۔ جناب ٹرمپ کی پہلی مدت سے ہی وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کے درمیان قریبی تعلقات رہے ہیں۔
اس دوران دونوں ممالک مختلف شعبوں جیسے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، دفاعی اشتراک، انسداد دہشت گردی، بھارت- بحر الکاہل خطے کی سلامتی اور عوام سے عوام رابطوں جیسے باہمی مفادات کے معاملوں پر غور و خوض کریں گے۔