ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

July 23, 2024 2:32 PM

printer

وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن نے این ڈی اےسرکار کی تیسری مدت کا پہلا مرکزی بجٹ آج پارلیمنٹ میں پیش کیا

وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن نے آج پارلیمنٹ میں مودی سرکار کی تیسری مدت کا پہلا بجٹ پیش کیا۔ لوک سبھا میں نئے مالی سال کا مرکزی بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ عالمی رُکاوٹوں اور غیر یقینی کی کیفیت کے باوجود بھارتی معیشت لگاتار فروغ پارہی ہے اور آنے والے برسوں میں یہ سب سے تیزی کے ساتھ ترقی کرنے والی معیشت بن جائے گی۔

محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ اِس بجٹ میں خاص طور پر روزگار، ہُنرمندی کی تربیت، MSME اداروں اور متوسط طبقے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انھوں نے دو لاکھ کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ پانچ سال کی مدت کے دوران چار کروڑ دَس لاکھ نوجوانوں کیلئے پانچ اسکیموں اور اقدامات پر مشتمل PM پیکج کا اعلان کیا۔

وِکست بھارت کا مقصد حاصل کرنے کیلئے تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہوئے بجٹ میں سبھی کے لیے مواقع فراہم کرتے ہوئے سرکار کی نو ترجیحات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اِس میں زراعت کے شعبے میں پیداواریت اور استحکام، روزگار اور ہُنرمندی کی تربیت، اِنسانی وسائل کا جامع فروغ، سماجی انصاف، مینوفیکچرنگ اور خدمات، شہری ترقی، توانائی کی یقینی فراہمی، بنیادی ڈھانچہ، اختراع، تحقیق اور ترقی اور نئے سلسلے کی اصلاحات شامل ہیں۔

اِس سال کے بجٹ میں زراعت اور اِس سے وابستہ شعبوں کے لیے ایک لاکھ 52 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ اگلے دو برسوں میں ملک بھر کے ایک کروڑ کسانوں کو سرٹیفکیشن اور برانڈنگ کی معاونت کے ساتھ قدرتی کھیتی کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔

سرکار ریاستوں کی ساجھیداری میں تین سال میں 400 ضلعوں میں کسانوں اور اُن کی زمین کے ساتھ زراعت کے شعبے میں ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے پر عمل درآمد میں سہولت پیدا کرے گی۔ انھوں نے بتایا کہ سرکار اِمداد باہمی شعبے کی منظم، ترتیب وار اور ہمہ جہت ترقی کے لیے قومی امداد باہمی پالیسی پیش کرے گی۔

بجٹ میں پہلی بار کے ملازمین کیلئے ایک نئی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے دو کروڑ دَس لاکھ نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ مذکورہ اسکیم میں سرکار پہلی بار کے ملازمین کے کھاتوں میں تین قسطوں میں سیدھے پندرہ ہزار روپے تک کی ایک مہینے کی تنخواہ پہنچائے گی، جو ایک لاکھ روپے تک کی تنخواہ لے رہے تھے۔

سرکار روزگار کے پہلے چار سال میں مینوفیکچرنگ شعبے میں اضافی روزگار کے لیے ترغیب فراہم کرے گی۔

 30 لاکھ نوجوانوں اور اُن کے آجروں کو EPFO میں اپنے حصے کی رقم کے سلسلے میں ترغیب دی جائے گی۔

PM پیکج کے تحت پانچ سال کے عرصے میں 20 لاکھ نوجوانوں کو ہُنر مند بنایا جائے گا۔

بجٹ میں اندرون ملک اداروں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے دَس لاکھ روپے تک کے قرضوں کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

سرکار ملک کے مشرقی خطے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ایک منصوبہ Purvodaya مرتب کرے گی۔ بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اُڈیشہ اور آندھرا پردیش اِس کے دائرے میں آئیں گے۔

بکسر میں دریائے گنگا پر 26 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے دو لین والا اضافی برج تعمیر کیا جائے گا۔ موجودہ مالی سال میں آندھرا پردیش کیلئے پندرہ ہزار کروڑ روپے کی خصوصی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

مرکزی سرکار نے نئے ٹیکس نظام کے تحت تنخواہ پانے والے ملازمین کیلئے Standard  کٹوتی پچاس ہزار روپے سے بڑھاکر 75ہزار روپے کردی ہے۔ اِسی طرح پنشن یافتہ افراد کیلئے    فیملی پنشن پر کٹوتی پندرہ ہزار روپے سے بڑھاکر پچیس ہزار روپے کردی گئی ہے۔ اِس سے تقریباً چار کروڑ تنخواہ پانے والے اور پنشن یافتہ افراد کو راحت ملے گی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں