August 15, 2024 11:06 AM

printer

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارت کا خلاء کا درخشاں شعبہ، بھارت کو ایک مضبوط ملک بنانے میں اہم رول ادا کررہا ہے

اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہاکہ یہ ملک ہرشہید اور مجاہد آزادی کا مقروض اور اُن کا احسان مند ہے۔   انہوں نے کہاکہ آج کا دن اُن عظیم ہستیوں کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے جو پورے عزم کے ساتھ ملک کی حفاظت، اِس کی تعمیر اور ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے وقف ہیں۔

جناب مودی نے کہاکہ ملک مجاہدین آزادی کا مقروض ہے کیونکہ انہوں نے ہر ایک کو آزادی کے ساتھ سانس لینے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ 1857 کی آزادی کی جدوجہد سے قبل بھی بہت سے قبائلی علاقے ایسے تھے، جہاں آزادی کی جنگ لڑی جارہی تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اُن کی سرکار نے ووکَل فار لوکَل کا منتر دیا ہے۔

وزیراعظم نے قدرتی آفات میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ملک اِس مشکل وقت میں اُن کے  شانہ بشانہ ہے۔

وزیراعظم مودی نے کہاکہ اُن کی حکومت اصلاحات کیلئے پرعزم ہے۔ یہ اصلاحات تعریف یا مجبوری کی وجہ سے نہیں بلکہ ملک کو مضبوط بنانے کیلئے ہیں۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ ملک کے ہر شعبے میں ایک جدید اور اعلیٰ نظام موجود ہے، چاہے وہ سیاحت ہو، MSME، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، زراعت یا کوئی اور شعبہ ہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت دنیا کے بہترین طور طریقوں کو آگے لاکر قیادت کرنا چاہتا ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ بینکنگ سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلئے کئی اصلاحات کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے یوم آزادی کے خطاب کے دوران بھارت کے متحرک خلائی شعبے کی ستائش کی۔ جناب مودی نے کہاکہ خلاء کا سیکٹر بھارت کو ایک مضبوط ملک بنانے میں کلیدی رول ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت نے خلائی شعبے میں بہت سی اصلاحات کی ہیں۔ اِس سیکٹر کو ماضی کی رکاوٹوں اور پابندیوں سے آزاد کرایا ہے۔

جناب مودی نے کہاکہ خلاء کے سیکٹر میں سیکڑوں اسٹارٹ اپس سامنے آئے ہیں۔

جناب مودی نے اِس بات پر زور دیا کہ بھارت جو کبھی دہشت گردی کا شکار تھا، اب مضبوط اور مستحکم ہوگیا ہے۔  انہوں نے کہاکہ ہر بھارتی اُس وقت فخر سے لبریز ہوگیا جب ملک کی مسلح افواج نے سرجیکل اسٹرائک اور فضائی حملے کیے۔

وزیراعظم نے اِسے بدقسمتی قرار دیا کہ آزادی کے بعد بھی لوگ مدد مانگنے کیلئے حکومت کے سامنے ہاتھ پھیلایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی سرکار نے طرز حکمرانی کے اِس ماڈل کو تبدیل کردیا اور آج سرکار خود ہی مستفدین کے پاس جاتی ہے۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ آج سرکار خود عوام کو گیس چولہا، پانی، بجلی اور مالی مدد فراہم کرتی ہے۔

جناب مودی نے کہاکہ پچھلے دس سال کے دوران دس کروڑ خواتین، خواتین اپنی مدد آپ گروپوں میں شامل ہوئی ہیں اور مالی طور پر خودکفیل اور آزاد ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اب تک 9 لاکھ کروڑ روپے ’اپنی مدد آپ‘ گروپوں کو دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی سرکار نے خواتین کی قیادت میں ترقی پر کام کیا ہے۔

وزیراعظم نے خواتین کے خلاف تشدد اور جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ تشدد اور جرائم کے مرتکب افراد کو سزا دی جانی چاہیے اور انہیں جلد سے جلد گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مشاہدہ کیاکہ عصمت دری کے واقعات کو اجاگر کیا جاتا ہے تاہم مجرموں کو ملنے والی سزاؤں کو میڈیا میں اجاگر نہیں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجرموں کو دی جانے والی سزاؤں کو بھی بڑے پیمانے پر عام کیا جائے تاکہ لوگ اُس جرم کو کرنے سے خوفزدہ ہوجائیں۔

وزیراعظم مودی نے ملک میں ایک سیکولر سول کوڈ نافذ کرنے کی بھی وکالت کی اور کہاکہ سپریم کورٹ نے بارہا یکساں سول کوڈ کے نفاذ کیلئے کہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقے پر مبنی سول کوڈ ہے اور اسے ایک سیکولر سول کوڈ کی ضرورت ہے۔ جناب مودی نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ یکساں سول کوڈ کے معاملے پر غور کریں۔

جناب مودی نے کہاکہ اُن کی سرکار نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نئے فوجداری قوانین کا بنیادی مقصد شہریوں کو سزا نہیں، بلکہ انصاف فراہم کرنا ہے۔

بنگلہ دیش کے سلسلے میں وزیراعظم نے کہاکہ ایک پڑوسی  ملک کے طور پر بھارت کو وہاں کے حالات پر تشویش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش میں جلد ہی حالات معمول پر آجائیں گے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں