ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

September 19, 2024 9:46 AM

printer

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ایک ملک ایک انتخاب کو کابینہ کی منظوری ملنے سے بھارتی جمہوریت مزید درخشاں اور شمولیت والی بن جائے گی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کابینہ بیک وقت انتخابات کے انعقاد سے متعلق اعلیٰ سطحی سفارشات کو قبول کررہی ہے، جو کہ بھارتی جمہوریت کو اور زیادہ درخشاں اور سبھی کی شمولیت والی جمہوریت بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے اِس کوشش کی راہ ہموار کرنے اور بڑے پیمانے پر شراکت داروں سے صلاح مشورے کرنے پر سابق صدر رام ناتھ کووند کی تعریف کی۔

اِس سے پہلے وزیراعظم کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے ”ایک ملک ایک انتخاب“ کیلئے اس تجویز کو منظور کرلیا جس کی جناب رام ناتھ کووند کی سربراہی والے پینل کی جانب سے سفارش کی گئی تھی۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد اطلاعات ونشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ سابق صدر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی نے سیاسی پارٹیوں اور ماہرین سمیت سبھی شراکت داروں کے ساتھ وسیع تر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ قدم دو مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ جناب ویشنو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لوک سبھا اور اسمبلی چناؤ بیک وقت ہوں گے،جبکہ پنچایتوں اور میونسپلٹیوں جیسے مقامی اداروں کے چناؤ عام انتخابات کے 100 دن کے اندر کرائے جائیں گے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بھارت نے ”ایک ملک ایک انتخاب“ کی منظوری کے کابینہ کے فیصلے کے ساتھ انتخابی اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ یہ قدم جمہوریت کو مستحکم کرنے کے وزیراعظم کے آہنی عزم کی عکاسی کرتا ہے  اور وسائل کے زیادہ کارآمد استعمال سے صاف ستھرے اور کفایتی انتخابات کے ذریعے معاشی ترقی کو رفتار دینے کی کوشش کا مظاہرہ کرتا ہے۔

وہیں BJP کے صدر اور صحت کے مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا ہے کہ کابینہ کے فیصلے کا مقصد انتخابی عمل کو آسان بنانا اور بہتر حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستوں میں مختلف اوقات میں انتخابات کرانے کا موجودہ نظام ترقیاتی کوششوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور سرکاری خزانے پر بوجھ پڑتا ہے۔ جناب نڈا نے کہا کہ ”ایک ملک ایک انتخاب“ چناؤ کے اخراجات کو کم کرنے اور حکومت پر مالی بوجھ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

BJP حکمرانی والی ریاستوں، آسام، اروناچل پردیش اور تریپورہ کے وزرائے اعلیٰ نے ”ایک ملک ایک انتخاب“ کیلئے کابینہ کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔

آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے اِسے بھارت کیلئے ایک یادگار دن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان سفارشات کے نافذ ہوجانے کے بعد انتخابی عمل آسان ہوجائے گا اور حکمرانی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں