وزیراعظم نریندر مودی نے کہاہے کہ بھارت ”ایک ملک ایک سول کوڈ“ یعنی سیکولر سول کوڈ کی سمت بڑھ رہا ہے۔ کَل گجرات میں کیوڑیہ کے مقام پر راشٹریہ ایکتا دِوس تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہاکہ بھیدبھاؤ ختم کرنے کی خاطر سیکولر سول کوڈ کیلئے کوشش بہت اہمیت کی حامل ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ آج ہم سب ملک کی ایک پہچان ”آدھار“ کی کامیابی کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور دنیا بھی اِس کا چرچا کر رہی ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ پہلے ملک میں الگ الگ طرح کے ٹیکس نظام ہوا کرتے تھے لیکن ہم نے ”ایک ملک ایک ٹیکس نظام“ GST بنایا۔
وزیراعظم نے کہاکہ اُن کی سرکار نے ”ایک ملک ایک پاور گرِڈ“ کے ساتھ ملک کے بجلی کے شعبے کو مستحکم بنایا ہے اور ”ایک ملک ایک راشن کارڈ“ کے ذریعے غریب لوگوں کو دستیاب سہولیات کو مربوط کیا ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ ہم نے آیوشمان بھارت کی شکل میں ملک کے لوگوں کو ”ایک ملک ایک صحت بیمہ“ کی سہولت فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اتحاد کیلئے ہماری اِن کوششوں کے تحت ہم اب ”ایک ملک ایک چناؤ“ کی سمت کام کر رہے ہیں، جس سے بھارت کی جمہوریت مضبوط ہوسکے گی اور بھارت کے وسائل کے زیادہ سے زیادہ نتائج سامنے آسکیں گے۔ اِس کے ساتھ ہی ملک ایک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے نئی رفتار حاصل کرسکے گا۔