وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اتحاد کے جذبے پر زور دیا ہے اور ملک کے لوگوں کو بانٹنے والی قوتوں کے خلاف خبردار کیا ہے، جن کا مقصد ملک کے اتحاد کو توڑنا ہے۔ گجرات میں کیوڑیا کے ایکتا نگر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش پر راشٹریہ ایکتا دِوس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ آئندہ 25 برسوں میں وِکست بھارت کے ویژن کو حاصل کرنے کیلئے قومی اتحاد کا جذبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 برسوں میں اُن کی حکومت نے سبھی پالیسیوں اور فیصلوں میں ایک ملک کے جذبے کو مسلسل مضبوط کیا ہے۔ قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، جو ہمارے ملک کے اتحاد اور سکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں۔
وزیر اعظم نے سبھی شہریوں سے چوکس رہنے پر زور دیا اور گوناگونیت میں بھارت کے اتحاد کے جذبے کو اپنانے کیلئے کہا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک میں نئی تاریخ لکھی جارہی ہے۔ بھارت ایک عالمی لیڈر کے طور پر ابھر رہا ہے۔ غیر مستحکم عالمی صورتحال کے دوران بھارت آج سب کی شمولیت والی ترقی کے راستے پر تیزی سے گامزن ہے۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ملک کو متحد رکھنے کے ضمن میں بیش قیمت تعاون کو یاد کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ سردار پٹیل کی 150 ویں سالگرہ اگلے دو برسوں کے دوران ملک بھر میں منائی جائے گی۔ اس سے پہلے جناب مودی نے ایکتا نگر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہئ اتحاد پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔ انہوں نے لوگوں کو ایکتا دِوس پر عہد دلایا اور ایکتا دِوس پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ x