وزیراعظم نریندر مودی نے اِس مہینے کی 30 تاریخ کو آکاشوانی پر نشر ہونے والے من کی بات پروگرام کیلئے شہریوں سے تجاویز طلب کی ہیں۔ یہ ماہانہ ریڈیو پروگرام کا 120 واں نشریہ ہوگا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے اِس من کی بات پروگرام کیلئے بڑے پیمانے پر تجاویز حاصل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اِن تجاویز سے سماجی بھلائی کیلئے مشترکہ کوششوں کی طاقت اجاگر ہوتی ہے۔
لوگ ٹول فری نمبر: ایک آٹھ، صفر صفر، ایک ایک، سات آٹھ، صفر صفر، کے ذریعے پروگرام کیلئے اپنی رائے اور تجاویز بھیج سکتے ہیں۔ لوگ نریندر مودی ایپ یا MyGov اوپن فورم کے ذریعے آن لائن بھی اپنی تجاویز بھیج سکتے ہیں۔ آئندہ نشریے کیلئے اِس مہینے کی 28 تاریخ تک تجاویز قبول کی جائیں گی۔
یہ پروگرام آکاشوانی اور دوردرشن، AIR نیوز ویب سائٹ اور نیوز آن AIR موبائل ایپ کے تمام تر نیٹورک پر نشر کیاجائے گا۔ یہ پروگرام AIR نیوز، ڈی ڈی نیوز، پی ایم او اور اطلاعات ونشریات کی وزارت کے یوٹیوب چینلوں پر بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ہندی نشریے کے فوراً بعد آکاشوانی اِس پروگرام کو علاقائی زبانوں میں نشر کرے گا۔