وزیراعظم نریندر مودی نے آج وسطی کشمیر کے گاندر بَل ضلع میں اہم سونمرگ ٹنل کا افتتاح کیا اور اُسے ملک کو وقف کیا۔
مرکزی وزراء نتن گڈکری، ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ، مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سینئر وزراء، پارلیمنٹ ارکان اور ٹنل پروجیکٹ سے متعلق سینئر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے ٹنل سے گزرتے ہوئے اس کا معائنہ بھی کیا۔ انہیں اس پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئی۔
اِس ٹنل سے گاندر بَل ضلعے میں گگن گیر اور سون مرگ کے درمیان سفر کے وقت میں 20 سے 25 منٹ کی کمی آئے گی۔ یہ ٹنل خطے کیلئے یکسر تبدیلی والی ثابت ہوگی، جو گگن گیر اور سون مرگ کے درمیان محض ایک رابطے سے زیادہ ہوگی۔ یہ ٹنل جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، جس کے سبب آمد ورفت کی بلا رُکاوٹ سہولت فراہم ہوگی۔ ٹنل کا کام مئی 2015 میں شروع ہوا تھا جو پچھلے سال مکمل ہو گیا تھا۔ اس ٹنل کے آغاز سے پورے سال سڑک کے ذریعہ لداخ خطے تک رسائی ممکن ہوپائے گی۔
اِس ٹنل کے شروع ہونے سے سون مرگ میں اندرونِ ملک اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا، جبکہ سون مرگ اور گگن گیر کے درمیان سبھی موسموں میں کنکٹی وِٹی فراہم ہوگی، جس کے سبب، زیر تعمیر زوجیلا ٹنل کی جانب سڑکوں پر جایا جاسکے گا۔ اس ٹنل سے کرگل اور لیہہ سمیت خطے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔×