September 24, 2024 3:06 PM

printer

وزیراعظم نریندر مودی امریکہ کے تین روزہ کامیاب دورے کے بعد وطن روانہ ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی امریکہ کے اپنے تین روزہ کامیاب دورے کے اختتام پر نئی دلی روانہ ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے امریکہ کے صدر جوبائیڈن کے ساتھ بات چیت کے بعد اپنا یہ دورہ شروع کیا تھا۔ انھوں نے Delaware میں کواڈ رہنماؤں کی چھٹی چوٹی میٹنگ اور نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مستقبل کی چوٹی میٹنگ سے خطاب کیا۔ جناب مودی نے نیویارک میں ہندوستانیوں کے ایک اجتماع سے بھی خطاب کیا اور دوسرے ملکوں کے رہنماؤں کے ساتھ کئی دو طرفہ میٹنگیں بھی کیں۔

کل رات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مستقبل کی چوٹی میں میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ دنیا کی بھلائی کے لئے بھارت اپنا ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر ساجھا کرنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹکنالوجی کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے لئے متوازن ضابطوں کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا اس طرح کا عالمی ڈیجیٹل نظام چاہتی ہے، جہاں یگانگت اور اقتدار اعلیٰ بدستور قائم رہے۔ جناب مودی نے کہا کہ بنی نوع انسانی کی کامیابی اجتماعی قوت میں ہے، نہ کہ میدان جنگ میں۔ سیکورٹی اور امن کو درپیش خطروں کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ایک طرف تو دہشت گردی سیکورٹی اور عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف سائبر، بحری حد بندی اور خلاء تنازعے کے نئے خطرے کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی کارروائی بھی اسی طرح کے خطروں کے مطابق ہی ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور اصلاحات حالات کے عین مطابق ہونے چاہئیں۔

اس موقع پر وزیراعظم مودی نے یوکرین کے صدر وولودیمر زیلنسکی اور آرمینیا کے وزیراعظم Nikol Pashniyan اور کچھ دوسرے رہنماؤں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ نہایت جامع اور کامیاب رہا ہے۔ نیویارک میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے امور خارجہ کے سکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے کے موقع پر منعقد کئے گئے کمیونٹی پروگرام سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں آباد ہندوستانیوں نے امریکہ کے ساتھ کس طرح کے رشتے قائم کئے ہیں۔ جناب مصری نے کہا کہ اس دورے کا ایک اہم اور مضبوط ٹکنالوجی کا عنصر بھی ہے، جس کا اظہار Quad کے مشترکہ بیان سے ہوتا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں