وزیراعظم نریندر مودی آج سے جھارکھنڈ، گجرات اور اڈیشہ کے تین روزہ دورے پر ہوں گے۔ جناب مودی آج جھارکھنڈ جائیں گے اور ٹاٹانگر جنکشن ریلوے اسٹیشن پر ٹاٹانگر-پٹنہ وندے بھارت ٹرین سمیت 6 وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ وہ 660 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ملک کے نام وقف کریں گے۔ جناب مودی ٹاٹا نگر میں پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے 20 ہزار مستفیدین کو منظوری لیٹر بھی تقسیم کریں گے۔ اِس موقع پر مرکزی وزیر شیوراج چوہان، آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما اور جھارکھنڈ بی جے پی کے سربراہ بابولال مرانڈی موجود ہوں گے۔
جناب چوہان نے کہاکہ وزیراعظم ایک کِلِک سے پانچ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مستفیدین کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقل کریں گے۔ جناب چوہان نے مزید کہاکہ 46 ہزار مستفیدین کیلئے نئے تعمیر کردہ مکانات کیلئے ’گرہ پرویش‘ کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ 6 وندے بھارت ٹرینوں کے روٹ سے نہ صرف ریل کنکٹی ویٹی بہتر ہوگی بلکہ اِس سے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم نریندر مودی ٹاٹا نگر ریلوے اسٹیشن پر ایک شاندار رنگا رنگ تقریب میں ٹاٹانگر-پٹنہ وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ جناب مودی ورچوئل وسیلے سے باقی پانچ وندے بھارت ٹرینوں کو بھی جھنڈی دکھائیں گے۔ اِن میں سے تین ٹرینیں بھاگلپور، گیا اور راوکیلا سے کولکاتہ تک ہیں، جبکہ باقی دو ٹرینیں دیوگھر سے وارانسی اور برہم پور سے ٹاٹانگر ریلوے اسٹیشن تک کی ہیں۔ جناب مودی ٹاٹانگر-پٹنہ وندے بھارت ٹرین میں سفر کرنے والے بچوں سے بات چیت کریں گے۔ جدید ترین وندے بھارت ٹرینوں سے اِن راستوں پر ریل کنکٹی ویٹی بہتر ہوگی۔ اِن ٹرینوں سے دیوگھر میں واقع Baidyanath Dham، وارانسی میں واقع کاشی وشوناتھ مندر، بہار میں واقع بودھ گیا اور کولکاتہ میں واقع کالی گھاٹ اور بیلور مٹھ جیسے مذہبی مقامات تک تیز رفتار سفر سے خطے میں مذہبی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم جمشیدپور کے گوپال میدان میں ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ عوامی جلسے سے قبل جناب مودی Voltas Round سے گوپال میدان تک ڈیڑھ کلو میٹر روڈ شو بھی کریں گے۔
وزیراعظم کَل گجرات کے گاندھی نگر میں پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے مستفیدین سے بات چیت کریں گے۔
جناب مودی گاندھی نگر میں واقع مہاتما مندر میں عالمی قابل تجدید توانائی سرمایہ کاروں کی چوتھی میٹنگ اور نمائش Re-Invest کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم احمد آباد میٹرو ریل پروجیکٹ کا بھی افتتاح کریں گے اور سیکشن وَن میٹرو اسٹیشن سے گِفٹ سٹی میٹرو اسٹیشن تک میٹرو میں سفر کریں گے۔ شام میں جناب مودی احمدآباد میں 8 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
منگل کو وزیراعظم اڈیشہ کا سفر کریں گے۔ وہ پردھان منتری آواس یوجنا-شہری کے مستفیدین سے بات چیت کریں گے۔ جناب مودی اڈیشہ کے بھونیشور میں 3 ہزار 800 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعد ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ملک کے نام وقف کریں گے۔