وزیراعظم نریندر مودی اِس مہینے کی 21سے 23 تاریخ تک امریکہ کا دورہ کریں گے۔ وہ 21 ستمبر کو Delaware میں Wilmington شہر میں منعقد ہونے والی، کواڈ رہنماؤں کی چوتھی سربراہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ امریکہ کی طرف سے سربراہ کانفرنس کی میزبانی کی درخواست کئے جانے کے بعد بھارت نے اگلی کواڈ سربراہ کانفرنس کی میزبانی کی درخواست قبول کرلی ہے، جو 2025 میں منعقد ہوگی۔ 2024 کی اس سربراہ کانفرنس کی میزبانی امریکہ کررہا ہے۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ سربراہ کانفرنس میں رہنما پچھلے ایک سال کے دوران کواڈ کی طرف سے کی گئی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ وہ بھارت-بحرالکاہل خطے کے ملکوں کی مدد کیلئے اگلے سال کا ایجنڈا طے کریں گے۔ یہ ایجنڈا اِن ملکوں کے ترقیاتی مقاصد اور امنگوں کو پورا کرنے سے متعلق ہوگا۔
جناب مودی نیویارک میں اس مہینے کی 23 تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ”مستقبل کی سربراہ کانفرنس“ سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس کا موضوع ہے: ”ایک بہتر کَل کیلئے کثیر ملکی طریقِ کار“۔
سربراہ کانفرنس سے الگ وزیراعظم مودی مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور باہمی مفاد کے معاملات پر بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم نیوکارک میں بھارتی برادری کے ایک اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔